سعودی وزارت نے ملازمین کے لیے ماہر خوشی بھرتی کرلیا

ویب ڈیسک  جمعـء 21 ستمبر 2018
ماہر خوشی اپنی صلاحیت سے مختلف تقاریب اور دیگر سرگرمیوں کا انعقاد کرے گا (فوٹو: فائل)

ماہر خوشی اپنی صلاحیت سے مختلف تقاریب اور دیگر سرگرمیوں کا انعقاد کرے گا (فوٹو: فائل)

ریاض: سعودیہ عرب کی وزارت ٹیلی کام نے اپنے ملازمین کو چست رکھنے کے لیے ’ماہر خوشی‘ بھرتی کرلیا تاکہ ملازمین بہتر کام کرسکیں۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودیہ عرب کے وزارت ٹیلی کام نے ریاست میں پہلی بار اپنے ملازمین کو چاق و چوبند بنانے کے لیے ’ماہر خوشی ‘ کی خدمات حاصل کی ہیں جس کا کام سرکاری ملازمین کو دوران کام لطف اندوز کرانا ہے تاکہ وہ مثبت اور تناؤ سے پاک ماحول کے سبب ادارے کے لیے بہتر خدمات سرانجام دے سکیں۔

بھرتی کیے گئے ماہر کا نام عبدالعزیز القسیم ہے جو کہ اپنی صلاحیت سے مختلف تقاریب اور دیگر سرگرمیوں کا انعقاد کرے گا جس کا مقصد سعودیہ کی قومی ٹیلی کام ٹیم کو خوشی مہیا کرنا ہے۔

ماہر خوشی کی تعیناتی کی خبر چند گھنٹے بعد ہی سعودی ٹوئٹر پر مسلسل گردش کرنے لگی جس پر سوشل میڈیا صارفین نے خوشی کا اظہار کیا۔ ایک صارف نے کہا کہ ’یہ ایک انتہائی خوش آئند بات ہے کیوں کہ کسی بھی کاروبار کو مستحکم کرنے کا پہلا قدم ملازمین کو خوش رکھنا ہوتا ہے تاکہ تخلیقی کام مل سکے‘۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی 2016ء میں متحدہ عرب امارات نے اپنے شہریوں اور وہاں موجود رہائشیوں کو خوش رکھنے کے وعدے کے مطابق وزیر خوشی کو مقرر کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔