مقبوضہ کشمیر میں یومِ عاشور پر کرفیو، کئی حریت رہنما نظربند

ویب ڈیسک  جمعـء 21 ستمبر 2018

 سری نگر: بھارتی قابض فوجیوں نے سری نگر اور دیگر اضلاع میں کرفیونافذ کرکے متعدد حریت رہنماؤں کو گھروں میں نظر بند کردیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی محرم الحرام میں بھی جاری ہے، قابض بھارتی فوجیوں کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں دوسرے روز بھی یومِ عاشور کے جلوسوں کو روکنے کے لئے کرفیو نافذ ہے، اور بھارتی فورسز نہتے کشمیریوں پر بلاوجہ فائرنگ سے بھی گریز نہیں کر رہیں جب کہ متعدد حریت رہنماؤں کو نظر بند کردیا گیا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: گرفتار کشمیری نوجوان پر وحشیانہ تشدد کا سن کر بہن صدمے سے جاں بحق

قابض بھارتی فوجیوں نے حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق کو عزادران کی قیادت کرنے سے روکنے کیلئےنظر بند کر دیا ہے اور انہیں جمعہ کا خطبہ دینے سے بھی روک دیا گیا ہے۔ سری نگر سمیت مختلف علاقوں میں بھارتی فوج کی اضافی نفری بھی تعینات کردی گئی ہے، گزشتہ روز ضلع بانڈی پورہ میں سرچ آپریشن کے دوران 2 کشمیری نوجوانوں کو بھی شہید کردیا گیا ہے۔

بھارتی فوسز نے گزشتہ روز بھی محرم الحرام کے جلوسوں پر شدید لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کر کے عزاداروں کو زخمی کیا تھا، جبکہ درجنوں عزاداروں کو گرفتار کر کے مختلف تھانوں میں نظر بند کر دیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔