اسپاٹ فکسنگ کیس میں ملوث تینوں پلیئرزکا جلد سامنا

محمد عامرسوئی سدرن، سلمان بٹ اورآصف واپڈا کی جانب سے ایکشن میں ہوںگے۔


Muhammad Yousuf Anjum September 30, 2018
ڈومیسٹک میچزسے فارم حاصل کرنے کی کوشش ہے،خراب وقت جلدگزرجائیگا، محمد عامر۔ فوٹو: فائل

ماضی میں اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ تینوں پلیئرزکا جلد سامنا ہونے والا ہے۔

ایشیا کپ میں مایوس کن پرفارمنس کے بعد آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہونیوالے فاسٹ بولر محمد عامر قائد اعظم ٹرافی میں سوئی سدرن گیس کی نمائندگی کر ینگے، ان کا پہلا سامنا سلمان بٹ کی کپتانی میں کھیلنے والی واپڈا کی مضبوط ٹیم سے ہوگا۔

فاسٹ بولر محمد آصف بھی اسی کی جانب سے کھیل رہے ہیں، بائیں ہاتھ کے پیسر ایشیا کپ ختم ہونے کے بعد ابھی چند روز مزید یو اے ای میں ہی اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزاریں گے، 7 اکتوبر کو ان کی پاکستان واپسی کا پلان ہے،انھوں نے 8 تاریخ سے سوئی سدرن ٹیم کو اپنی دستیابی سے آگاہ کر دیا ہے۔

ایشیا کپ میں عامر توقعات کے مطابق پرفارم کرنے میں ناکام رہے جس پر وہ ٹیم انتظامیہ اور سلیکٹرز کا اعتماد کھوبیٹھے ہیں، پیسر کے مطابق جب پرفارمنس اچھی نہ ہو تو ڈومیسٹک کرکٹ ہی سب سے بہترین پلیٹ فارم ہے جہاں پر محنت کرکے ٹیم میں دوبارہ جگہ حاصل کی جا سکتی ہے۔

''ایکسپریس نیوز'' سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کیریئر میں اونچ نیچ کھیل کا حصہ ہے اور ہر کھلاڑی پر ایسا وقت آتا ہے جب وہ پرفارم نہیں کرپاتا۔ فاسٹ بولر نے مداحوں سے اپیل کی وہ افسردہ نہ ہوں، انشااللہ ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی دکھاکر دوبارہ ٹیم میں جگہ حاصل اور پہلے کی طرح سب کے دل جیتنے کی کوشش کروں گا، خراب وقت بھی جلد گزر جائیگا۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا سے2 ٹیسٹ میچز کے بعد پاکستانی ٹیم کو3 ٹی ٹوئنٹی میچز میں مقابلہ کرنا ہے جو 24، 26 اور 28 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔ محمد عامر اس سے پہلے کم ازکم 2 چار روزہ اور ایک ون ڈے میچ کھیل کر اپنی فارم اور فٹنس کا ثبوت دے کر سلیکٹرز اور ٹیم انتظامیہ کا اعتماد حاصل کرسکتے ہیں۔

 

مقبول خبریں