محمد عباس کی ڈیڈ وکٹوں پر جاندار بولنگ، 17 وکٹیں اڑا دیں

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 20 اکتوبر 2018
سرفراز احمد کی سوئی ہوئی بیٹنگ فارم جاگ اٹھی،سب سے زیادہ190رنز اسکور کیے۔ فوٹو: اے ایف پی

سرفراز احمد کی سوئی ہوئی بیٹنگ فارم جاگ اٹھی،سب سے زیادہ190رنز اسکور کیے۔ فوٹو: اے ایف پی

 دبئی:  آسٹریلیا سے سیریز میں پاکستانی پیسر محمد عباس نے ڈیڈ وکٹوں پر جاندار بولنگ کرتے ہوئے 17 وکٹیں اڑا دیں۔

آسٹریلیا کیخلاف ابوظبی ٹیسٹ میں محمد عباس نے10 وکٹیں لیں، دبئی میں انھوں نے 7 شکار کیے تھے، وہ مجموعی طور پر 17 وکٹیں لے کر سیریز کے کامیاب ترین بولر ثابت ہوئے، عباس کی بہترین بولنگ ابوظبی میں 95رنز کے عوض10وکٹیں رہیں۔

اننگز میں بہترین کاوش اسی میچ کی پہلی اننگز میں33 رنز کے عوض 5 شکار تھی، دبئی میں ڈیبیو کرنے والے اسپنر بلال آصف 9 وکٹیں لے کر دوسرے کامیاب بولر بنے، یاسرشاہ نے ابوظبی میں جادو جگاتے ہوئے 8 وکٹیں اڑائیں۔

بیٹنگ میں کپتان سرفراز احمد کی سوئی ہوئی بیٹنگ فارم جاگ اٹھی، انھوں نے پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 190رنز بنائے، حارث سہیل 166، اسد شفیق 165، فخر زمان 160 اور محمد حفیظ 153رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

پاکستان کی جانب سے حارث اور حفیظ نے سنچریاں بنائیں، سرفراز، فخر اور بابر اعظم نروس نائنٹیز کاشکار ہوئے، بابر نے مجموعی طور پر 131رنز اپنے نام درج کرائے، اظہرعلی 101رنز بناکر نمایاں رہے، امام الحق 124رنز 62 کی اوسط سے بنانے میں کامیاب رہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔