کوہستان وڈیو اسکینڈل؛ 5 لڑکیوں کے قتل کے الزام میں 4 افراد گرفتار

ویب ڈیسک / زبیر نذیر خان  جمعرات 29 نومبر 2018
ملزمان کا مقامی عدالت سے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا گیا ہے فوٹوفائل

ملزمان کا مقامی عدالت سے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا گیا ہے فوٹوفائل

ایبٹ آباد: پولیس نے کوہستان وڈیو اسکینڈل میں جرگے کے حکم پر 5 لڑکیوں کو قتل کرنے والے 4 افراد کو گرفتار کرکے عدالت کے روبرو پیش کردیا ہے۔

2012 میں کوہستان کے ایک نوجوان نے الزام عائد کیا تھا کہ ان کے 2 چھوٹے بھائیوں نے شادی کی ایک تقریب کے دوران رقص کیا جس پر وہاں موجود خواتین نے تالیاں بجائیں۔ موبائل فون سے بنائی گئی وڈیو بعد میں مقامی افراد کے ہاتھ لگ گئی، جس پر جرگے نے وڈیو میں نظر آنے والی پانچوں لڑکیوں کے قتل کا حکم جاری کیا، جرگے کےحکم پر عمل کیا گیا اور پانچوں لڑکیوں کو قتل کردیا گیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکیوں کو قتل کرنے والے چاروں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت عمر خان، سفیر، سرفراز اورسائپر کے نام سے ہوئی ہے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف 202، 201، 419، 420، اور 364 دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے ملزمان کا مقامی عدالت سے8 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔