حب کے قریب مسافر بس اور ٹرک میں تصادم، 28 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک  پير 21 جنوری 2019
لاشوں اور زخمیوں کو تحصیل کےاسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر بیلہ۔ فوٹو: فائل

لاشوں اور زخمیوں کو تحصیل کےاسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر بیلہ۔ فوٹو: فائل

حب: بیلہ کے قریب  مسافر بس اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں 28 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ 16 افراد نے بس سے کود کر جان بچائی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی سے ملحقہ بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کی تحصیل بیلہ میں مسافر بس اور ٹرک کے مابین ہونے والے تصادم میں 28 افراد جاں بحق جب کہ 16 افراد زخمی ہوگئے۔ ڈپٹی کمشنر شبیر مینگل کا کہنا ہے کہ حادثےکا شکار کوچ میں 35 سے زائد مسافرسوار تھے اور مسافر بس کراچی سے پنجگور جارہی تھی۔

ڈی سی شبیر مینگل کا کہنا ہے کہ حادثےکے باعث کوچ اورٹرک میں آگ لگ گئی اور 16 افراد نے بس سے کود کر جان بچالی جب کہ دیگر افراد کوچ میں ہی رہنے کی وجہ سے موقع پر ہی جھلس کر جاں بحق ہوگئے، جن میں 23 افراد کی لاشیں مسافر بس سے اور 2 کی ٹرک سے نکالی جاچکی ہیں۔

حادثے کی خبر ملتے ہی ریسکیو، لیویز، پولیس اورایف سی اہلکار جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور امدادی کارروئیاں شروع کردی گئیں، تاہم آگ کی شدت کےباعث امدادی کارروائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ڈپٹی کمشنربیلہ کے مطابق  لاشوں اور زخمیوں کو تحصیل کےاسپتالوں میں منتقل کردیا گیا، اور تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔