سری لنکن کرکٹ میں کرپشن کی نئی پٹاری کھلنے لگی

عام معافی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کئی لوگوں نے آئی سی سی کو رپورٹ کردی


Sports Desk January 22, 2019
عام معافی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کئی لوگوں نے آئی سی سی کو رپورٹ کردی

سری لنکن کرکٹ میں کرپشن کی نئی پٹاری کھلنے لگی عام معافی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کئی لوگوں نے آئی سی سی کو رپورٹ کردی۔

جنرل منیجر اینٹی کرپشن الیکس مارشل بھی ردعمل پر حیران رہ گئے، باقی بچنے والے ہفتے میں معلومات رکھنے والے مزید افراد سے سامنے آنے کی اپیل کردی۔ تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سری لنکن کرکٹ میں کرپٹ عناصر کی جڑوں تک پہنچنے کیلیے 16 سے 31 جنوری تک کیلیے خصوصی ایمنسٹی اسکیم متعارف کرائی تھی، جس کے تحت ایسے پلیئرز، آفیشلز اور دیگر افراد سے سامنے آنے کی درخواست کی گئی جن سے ماضی میں فکسنگ یا اس سے متعلقہ کسی سرگرمی کیلیے مشکوک روابط ہوچکے تھے۔

آئی سی سی نے واضح کیا کہ اس عرصے میں جو افراد سامنے آئیں گے ان کو پہلے یہ معلومات مخفی رکھنے پر کوئی سزا نہیں دی جائے گی۔ اس اسکیم کے متعارف ہونے کے بعد سے کئی لوگ سامنے آئے ہیں، اس حوالے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اینٹی کرپشن یونٹ کے جنرل منیجر الیکس مارشل نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ ہم 15 روزہ ایمنسٹی کا پہلا ہفتہ مکمل کرنے والے ہیں، جس میں ماضی میں کرپٹ سرگرمی کی رپورٹ نہ کرنے والوں کی سامنے آنے کیلیے حوصلہ افزائی ہوئی۔

اب تک بہت سے لوگ سامنے آچکے اور اس کے نتیجے میں ہم نئی معلومات جمع کررہے ہیں،اس سے ہمیں سری لنکا کرکٹ میں موجود کرپشن کو سمجھنے میں مدد اور اس حوالے سے ایک واضح تصویر سامنے آئے گی، انھوں نے کہا کہ میں دوسرے لوگوں سے بھی درخواست کرتا ہوں کہ اگر ان کے پاس اس حوالے سے کوئی معلومات ہیں تو وہ سامنے آئیں، ان کا نام اور معلومات مکمل طور پر خفیہ رکھی جائیں گی۔

مقبول خبریں