بلاول بھٹو کا خواتین احتجاج کیخلاف قرارداد پردستخط کرنے کا نوٹس، نگہت اورکزئی سےجواب طلب

ویب ڈیسک  جمعرات 21 مارچ 2019
 پارٹی پالیسی کے خلاف جاتے ہوئے قراردادپردستخط کیوں کیےجواب دیں ورنہ تادیبی کارروائی کی جاسکتی ہے۔، بلاول بھٹو فوٹوفائل

پارٹی پالیسی کے خلاف جاتے ہوئے قراردادپردستخط کیوں کیےجواب دیں ورنہ تادیبی کارروائی کی جاسکتی ہے۔، بلاول بھٹو فوٹوفائل

پشاور:  پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی یوم نسواں پرخواتین احتجاج کے خلاف قرارداد پر دستخط کرنے کانوٹس لیتے ہوئے پی پی کی رکن خیبرپختونخوا اسمبلی نگہت اورکزئی سے جواب طلب کرلیا۔

بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے نگہت اورکزئی سے جواب طلب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آپ نے پارٹی پالیسی کے خلاف جاتے ہوئے قرارداد پر دستخط کیوں کیے اپنی پوزیشن واضح کریں ورنہ تادیبی کارروائی کی جاسکتی ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: خیبر پختونخوا اسمبلی میں عورت مارچ کے خلاف قرارداد منظور

اس سلسلے میں رکن خیبرپختونخوا اسمبلی نگہت اورکزئی نے واضح کیا کہ ہم خواتین کاعالمی دن منانے کے نہیں بلکہ پلے کارڈز پر درج نعروں کے خلاف ہیں، میں پارٹی پالیسی کی پابند، بھٹو اور بینظیرکی جیالی ہوں۔ نگہت اورکزئی نے کہا کہ اسمبلی میں پہلے پارلیمانی لیڈر شیراعظم وزیر نے تقریرکی اوران کی تقریر کو دیکھتے ہوئے ہی قرارداد پردستخط  کیے۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی نے 8 مارچ کو عالمی یوم نسواں پر بعض خواتین کی جانب سے عورت مارچ نکالنے اور اس میں اسلام و معاشرتی قدروں کے خلاف نعرہ بازی کرنے کے خلاف قرارداد منظور کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔