ورلڈ کپ کا سفر 2007 انضمام الحق کی زیر قیادت گرین شرٹس پہلے راؤنڈ میں ڈھیر

آئرلینڈ کے ہاتھوں تاریخ کی بدترین ناکامی کے بعدکوچ باب وولمر ہوٹل میں مردہ پائے گئے، آسٹریلیا چوتھی مرتبہ چیمپئن بنا


Sports Desk May 28, 2019
آئرلینڈ کے ہاتھوں تاریخ کی بدترین ناکامی کے بعدکوچ باب وولمر ہوٹل میں مردہ پائے گئے، آسٹریلیا چوتھی مرتبہ چیمپئن بنا۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: 2007 کا ورلڈ کپ پاکستان ٹیم کیلیے بھیانک خواب ثابت ہوا جب کہ انضمام الحق کی زیر قیادت ویسٹ انڈیزمیں منعقدہ ایونٹ میں قومی ٹیم آئرلینڈ کے ہاتھوں تاریخ کی بدترین ناکامی کے بعد پہلے راؤنڈ تک محدود رہی۔

جنوبی افریقی نژاد کوچ باب وولمر بھی میچ کے بعد پراسرار حالات میں اپنے ہوٹل میں مردہ پائے گئے جس کے بعد قومی کرکٹرز نے مقامی طور پر ہونے والی تفتیش میں کئی بار حکام کو انٹرویوز دیے، آئی سی سی ورلڈ کپ کے 9 ویں ایڈیشن میں ماضی کے برعکس 16 ٹیموں کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دیا گیا، ابتدائی طور پر چار ، چار ٹیموں کے 4 گروپس تشکیل دیے گئے، مجموعی طور پر 51 میچز منعقد ہوئے۔

آسٹریلیا نے چوتھی مرتبہ ورلڈ چیمپئن بننے کا اعزاز پایا، تجربہ کار پیسر گلین میک گرا ایونٹ کے بہترین پلیئر قرار پائے، ہموطن متیھیو ہیڈن نے سب سے زیادہ659 رنز اسکور کیے، میک گرا 26 شکاروں کے ساتھ کامیاب ترین بولر بنے، ابتدائی مرحلے میں ہر گروپ کی2 ابتدائی ٹیمیں سپر8 میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئیں۔

افتتاحی تقریب 11 مارچ 2007 کوجمیکا کے ٹریونلے اسٹیڈیم میں سجائی گئی جس میں 2ہزار کے قریب فنکاروں نے مقامی دھنوں پر رقص کرتے ہوئے ناظرین کو محفوظ کیا، ایونٹ میں پہلی بار مشکوک کیچز کیلیے ٹی وی امپائر سے رجوع کرنے کی اجازت دی گئی۔

پاکستان گروپ 'ڈی' میں میزبان ویسٹ انڈیز، زمبابوے اور آئرلینڈ کے ساتھ رہا، غالب امکان تھا کہ اس گروپ سے پاکستان اور ویسٹ انڈیز آگے پہنچیں گے لیکن اس مرحلے پر گرین شرٹس کو واحد کامیابی زمبابوے کیخلاف ڈک ورتھ اینڈ لوئس سسٹم پر 93 رنز سے ملی، ویسٹ انڈیز نے 54 رنز سے ٹھکانے لگایا جبکہ آئرلینڈ نے انہونی کرتے ہوئے گرین شرٹس کو ڈی ایل میتھیڈ پر ہی3 وکٹ سے ہرا دیا، قومی ٹیم45.4 اوورز میں 132 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

آئرش سائیڈ نے ہدف 41.4 اوورز میں 7 وکٹیں گنوا کر حاصل کرلیا، سپر 8 مرحلے میں آئرش ٹیم اپنے 7 میں سے 6 میچز ہار کر اختتامی نمبر پر رہی، پہلے سیمی فائنل میں سری لنکا نے نیوزی لینڈ کو81 رنز سے پچھاڑ دیا، ناکام سائیڈ 208 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی، سری لنکنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے5 وکٹ پر 289 کا مجموعہ ترتیب دیا تھا، دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو 7 وکت سے مات دی، پروٹیز 149 پر ہمت ہار گئے، کینگروز نے 3 وکٹ پر 153 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔

فائنل میں آسٹریلیا نے سری لنکا پر 66 رنز سے غلبہ پا کر چوتھی مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا، کینگروز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹ پر 281 رنز جوڑے، آئی لینڈرز جوابی اننگز میں 8 وکٹ پر 215 رنز بناپائے۔

مقبول خبریں