ایشا گپتا کامیڈی فلم ’’ہمشکلز‘‘ میں مرکزی کردار ادا کریں گی

اطلاعات کے مطابق فلم کے مرکزی کرداروں کیلئے خواتین کے3مین کردار ایشاگپتا کے ساتھ بپاشا باسو، تمنا باٹھیا ادا کریں گی


Showbiz Desk September 14, 2013
فلم ہمت والا کے فلمساز ساجد خان جلد ایک اور کامیڈی فلم ’’ہمشکلز‘‘ کے نام سے بنارہے ہیں اس فلم میں مین کردار تین مرد اور تین عورتوں کا ہوگا۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: بالی ووڈ اداکارہ ایشا گپتا کامیڈی فلم ''ہمشکلز'' میں مرکزی کردار اداکریں گی۔

بتایا گیا ہے کہ فلم ہمت والا کے فلمساز ساجد خان جلد ایک اور کامیڈی فلم ''ہمشکلز'' کے نام سے بنارہے ہیں اس فلم میں مین کردار تین مرد اور تین عورتوں کا ہوگا۔ اطلاعات کے مطابق فلم کے مرکزی کرداروں کے لیے خواتین کے تین مین کردار ایشاگپتا کے ساتھ ، بپاشا باسو، تمنا باٹھیا، ادا کریں گی جب کہ مردوں کے مرکزی کردار سیف علی خان ،رتیش دیش مکھ اور رام کپوراداکریں گے یہ تینوں ہیرو پہلی مرتبہ کسی فلم میں ایک ساتھ کام کررہے ہیں۔ فلم کی شوٹنگ لندن میں کی جائے گی واضح رہے کہ ایشا گپتا اسے پہلے بھی بپاشا باسوکے ساتھ فلم راز میں کام کرچکی ہیں۔ فلم ''ہشکلز''پوجا انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے فاکس اسٹار اسٹوڈیو کے تعاون سے بنائی جانیوالی اس فلم کو اگلے برس 6جون کو سینماگھروں میں نمائش کے لیے پیش کیاجائیگا۔ایشاگپتاکا کہناہے کہ ایسا کردار اداکرناچاہتی ہوں جو مداحوں کو ہمیشہ یاد رہے، ہمشکلزمیں شائقین کو میری اداکاری پسند آئے گی ۔

امید ہے یہ فلم مکمل ہوکر باکس آفس پر تمام ریکارڈ توڑ دے گی۔ اداکارہ کا مذید کہنا تھا کہ فلم ''چکر ویو'' میں اس کا پولیس افسر کا کردار بہت پسند کیاگیا۔اب ایسی فلم میں کام کرنے کی خواہش ہے جس میں مجھے مرکزی کردار میں کاسٹ کیا گیا ہو اور یہ کردار بھی ایکشن ہونا چاہیے،انھوں نے کہا کہ زندگی کی یہ بڑی خواہش ہے کہ ایسی فلم میں ایکشن کردار نبھائوں جو خطرات سے بھری ہو اور اس کے ہر سین میں مجھے نئے خطرے کا سامنا ہو جس سے نمٹنے کے لیے میرا ایکشن کردار بھی انتہائی جاندار ہو، اس کام کے لیے میں نے خود کو تیار کرلیا ہے۔ 28نومبر 1985کو بھارت میں پیدا ہونے والی اداکارہ ایشا گپتا نے 2007 میں مقابلہ حسن میں حصہ لے کر ایوارڈ جیتا اور مس انڈیا قرار پائیں۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ 2007کے دوران ہی ماڈلنگ سے کیرئیر کا آغاز کردیا ۔اس عرصہ میں متعدد فیشن شوز میں حصہ لیا اور ریمپ پر واک کرنے کے ساتھ کمرشلز بھی کیں۔



واضح رہے کہ 2012میں فلم ''جنت ٹو ''میں عمران ہاشمی کے ساتھ رومانوی کردار نبھایا اس فلم میں ایشا کو لیڈ لیڈی رول میں کاسٹ کیا گیا ۔اداکارہ ایشا گپتا کو فلمساز مکیش بھٹ کی اس فلم کے لیے اہم کردار ملا، اس فلم کے ہدایتکار کنال دیش مکھ تھے۔ میوزک پریتم کاتھا ،اور شگفتہ رفیق نے اس فلم کی کہانی لکھی تھی ۔ایشا کا کردار بھی اس کی شخصیت کے تحت الاٹ کیا گیا ۔جس میں ایشا نے عمران ہاشمی کے ساتھ اپنی عمدہ پرفارمنس سے شائقین کے دل جیت لیے ۔اس کے بعد فلم ''راز تھری ''میں بھی عمران ہاشمی اور ایشا گیتا کو مرکزی کرداروں میں کاسٹ کیا گیا ۔اداکارہ نے اس ہارر فلم میں بھی اپنی پرفارمنس سے شائقین کو بے حد متاثر کیا ۔

اس فلم کے ہدایتکار وکرم بھٹ تھے ۔جب کہ مہیش بھٹ نے یہ فلم پروڈیوس کی تھی جب کہ اس فلم میں ایشا گپتا اور عمران ہاشمی کے ساتھ اداکارہ بپاشاباسو کا کردار بھی اہم رہاتھا۔اس کے بعد بالی وڈ اداکارہ ایشا گپتا نے 24اکتوبر 2012میں ریلیز ہونے والی ہدایت کار و فلمساز پرکاش جھا کی فلم ''چکراویو''میں اہم کردار نبھایااس کے متعلق ادکارہ کا کہناتھاکہ چکرویومیں پولیس افسر کے کردار پر پرفارم کرکے حقیقی خوشی ہوئی ہے ۔بالی وڈ اداکارہ کی نئی فلموں میں ایکشن کردار نبھانے کی خواہش نے اب ان کے مزید فلموں میں کام کرنے کے لیے بھی راستے ہموار کردیے ہیں ۔بالی وڈ کے سنجیدہ حلقوں کا کہنا ہے کہ ایشا گپتا کی اٹھان اچھی ہے اور انھیں کامیاب ہدایتکارو فلمساز جوڑی نصیب ہوئے ہیں جس کے سبب وہ آتے ہی اچھی فلموں میں نمایاں کام کرنے میں کامیاب ہوگئی ہیں ۔

ان کا کہنا ہے کہ ایشا گپتا اداکاری کے فن کو سمجھتی ہیں اور انھیں اپنا کردار نبھانے کا سلیقہ بھی آتا ہے۔ دہلی کے ماحول میں زندگی کے ابتدائی ایام گزارنے والی ایشا گپتاکا اپنا بھی یہی خیال ہے کہ وہ اپنی پرفارمنس کو عمدگی کے ساتھ پیش کرکے اپنا ایک منفرد مقام بنانے میں کامیاب رہیں گی ۔ان کا کہنا ہے کہ اب آنیوالی فلم کے لیے اپنی پرفارمنس کو مزید بہتر بنانے کی جدوجہد کررہی ہوں ۔بالی وڈ میں قلیل عرصے کے دوران اپنی پرفارمنس کا جادو جگانے والی ایشا گپتا کی تینوں نئی فلمیں اچھا بزنس کرنے میں کامیاب رہی ہیں ۔اداکارہ ان فلموں کی کامیابی پر بھی خوش ہے اور کہتی ہیں کہ انھیں توقع ہے کہ نئے انداز اختیار کرنے پر ان کی پرفارمنس میں بھی دلکشی پیدا ہوگی اور یہی چیز انھیں دوسری فنکارائوں سے الگ اپنی شناخت بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔

مقبول خبریں