بھارتی اقدامات سے کشمیری عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی، ایمنسٹی انٹرنیشنل

ویب ڈیسک  ہفتہ 17 اگست 2019
عالمی برادری کشمیریوں کے انسانی حقوق دلوانے کے لیے اقدامات کرے، ایمنسٹی انٹرنیشنل (فوٹو: فائل)

عالمی برادری کشمیریوں کے انسانی حقوق دلوانے کے لیے اقدامات کرے، ایمنسٹی انٹرنیشنل (فوٹو: فائل)

 لندن: انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی کارروائیوں کی وجہ سے عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کے سیکریٹری جنرل کومی نائیڈو نے ایک بیان میں کہا کہ سیاسی بحران میں جموں و کشمیر کے عوام سے مہرے جیسا سلوک نہ کیا جائے اور عالمی برادری کو چاہئے کہ وہ ان کے انسانی حقوق دلوانے کیلئے اقدامات کرے۔

کومی نائیڈو نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی کارروائیوں کی وجہ سے عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے، کشمیری عوام کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سالہا سال سے انہیں اذیت اور تکلیف کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

سیکرٹری جنرل نے کشمیری عوام کی گرفتاریوں اور حقوق کی خلاف ورزی کی مذمت کرتے ہوئے بھارت پر انسانی حقوق کے قانون کا احترام کرنے کے لیے زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی امن و سلامتی کا تحفظ کرنا سلامتی کونسل کے ارکان کی ذمہ داری ہے،انہیں چاہیے کہ شورش زدہ علاقے میں شہریوں کے انسانی حقوق کو اولین ترجیح دیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔