درہ آدم سے کراچی جانیوالی اسلحے سے بھری 2 گاڑیاں پکڑی گئیں

گاڑیوں سے برآمد ہونیوالے اسلحے میں ایس ایم جی، مشین گنز، بندوقیں اور ہزاروں گولیاں شامل ہیں


اسلحہ کراچی میں وارداتوں کیلیے استعمال کیا جانا تھا، 5 ملزم گرفتار کرلیے، سیکیورٹی ذرائع۔ فوٹو: اے ایف پی / فائل

کوہاٹ ٹنل کے قریب درہ آدم خیل سے کراچی جانیوالی 2 گاڑیوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ بر آمد کرکے 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دونوں گاڑیوں سے برآمد ہونیوالے اسلحے میں ایس ایم جی، مشین گنز، بندوقیں اور ہزاروں گولیاں شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ اسلحہ کراچی میں مختلف وارداتوں میں استعمال کیا جانا تھا۔ دوسری جانب سوات کے علاقے چارباغ میں منگل تان روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے امن کمیٹی کا رکن قلندر خان اپنے ساتھی شاہ روم سمیت جاں بحق ہوگیا۔ مقتول قلندر خان کھیتوں کو جارہا تھا کہ راستے میں تاک لگائے ملزمان نے فائرنگ کردی۔ادھر گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ جہانزیب کالج میںشرپسندوں نے حملہ کر کے عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا اورگالم گلوچ کی۔ خیبرایجنسی کی تحصیل جمرود کے علاقہ شاہ گئی میں نیٹو آئل ٹینکر پر فائرنگ کئی گئی ، اس دوران مخالف سمت سے آنیوالی موٹرکار بھی زد میں آگئی اور اس میں سوار 3 افراد زخمی ہوگئے۔



کرم ایجنسی کے 2مختلف دیہات میں بارودی سرنگوں کے دھماکوں میں 3 افراد شدید زخمی ہوگئے، جن میں سے 2 ٹانگوں سے محروم ہوگئے۔ پشاورمیں پولیس نے سواتی پھاٹک گلبرگ میں نصب بم ناکارہ بنادیا۔ آن لائن کے مطابق ہری پور سینٹرل جیل پر حملے کی دھمکی کے بعد سیکیورٹی فورسز کے سرچ آپریشن میں 35 مشتبہ افراد گرفتار کرلئے گئے۔ محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا نے عوام کو دھمکی آمیز ای میلز ملنے پرپشاور سمیت صوبے کے تمام بڑے شہروں میں پولیس حکام سے تمام نیٹ کیفوں کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔ محکمہ داخلہ نے آئی جی پی خیبرپختونخوا کو ایک مراسلہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردی میں نیٹ کیفوں کے ممکنہ استعمال کو روکنے کیلیے ضروری ہے کہ ان نیٹ کیفوں کی رجسٹریشن کے ساتھ ان کے مالکان کے مکمل کوائف ، ان نیٹ کیفوں میں روزانہ آنے جانے والے افرد کے کوائف اکٹھے کیے جائیں۔

مقبول خبریں