دوسری شادی کا’’جرم‘‘3بیٹوں نے ماں کی گردن پر چھری پھیر دی

پٹھان گوٹھ کی رہائشی 45سالہ شمیم نے عبدالغفور نامی شخص سے دوسری شادی کی تھی جوگھریلو تنازع اختیار کرگئی


Staff Reporter October 13, 2013
مقتولہ کا ایک بیٹا اس کے ساتھ ہی رہائش پذیر تھا، 2بیٹے گاؤں سے کراچی آئے تھے،پولیس۔ فوٹو: فائل

اسٹیل ٹاؤن میں ناخلف اولاد نے شادی کرنے پر حقیقی ماں کو تیز دھار آلے سے گردن پر وار کر کے قتل کردیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیل ٹاؤن تھانے کی حدود فلٹر پلانٹ کے قریب فقیرکالونی میں پٹھان گوٹھ کے گھر میں بیٹوں نے حقیقی ماں کو گردن پر تیز دھار آلے کے پے در پے وارکرکے شدید زخمی کردیا گیا جسے تشویشناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ خاتون راستے میں دم توڑ گئی، ایس ایچ او اسٹیل ٹاؤن راجہ اسلم نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتولہ کی شناخت 45 سالہ شمیم زوجہ عبدالغفور کے نام سے ہوئی، مقتولہ کواپنے بیٹوں سعید گل، میر گل اور فید گل نے چھری کے وارکرکے قتل کیا ہے۔



انھوں نے بتایا کہ مقتولہ نے حال ہی میں عبدالغفور نامی شخص سے دوسری شادی کی تھی جوگھریلو تنازع اختیار کرگئی تھی، مقتولہ کا ایک بیٹا اس کے ساتھ ہی رہائش پذیر تھا جبکہ اس کے دیگر دو بیٹے گاؤں میں رہائش پذیر تھے اور ایک رات قبل ہی گاؤں سے کراچی پہنچے تھے اورگزشتہ روز جب مقتولہ شمیم بی بی کا شوہر عبدالغفور روز گار پر جانے کے لیے گھر سے نکلا تو بیٹوں نے حقیقی ماں کے گردن پر چھری کے پے در پے وار کر کے اسے زخمی کردیا اور خود جائے وقوع سے فرار ہو گئے انھوں نے بتایا کہ خاتون کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں جاں بحق ہو گئی، انھوں نے بتایا کہ پولیس نے جائے وقوع سے تمام شواہد جمع کرکے مقتولہ کے شوہر عبدالغفور کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی اورجلد ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔

مقبول خبریں