ایشا گپتا کا ’’گوری تیرے پیار میں‘‘ کا آئٹم سانگ ’’دھت تیرے کی‘‘ ریلیز

اس آئٹم سانگ کے متعلق ایشاگپتا کا کہنا ہے یہ مخصوص قسم کا آئتم سانگ نہیں یہ ایک کلب گانا ہے۔


Showbiz Desk October 25, 2013
ایک سوال کے جواب میں ایشا کا کہنا تھا کہ گوری تیرے پیار کے اس آئٹم سانگ میں اپنی بہترین پرفارمنس دکھائی ہے۔ فوٹو: فائل

بالی ووڈ اداکارہ ایشا گپتا کے عمران خان اور کرینہ کپور کی فلم ''گوری تیرے پیار میں'' میں آئٹم سانگ کی ویڈیو جاری کردی گئی ۔

''دھت تیرے کی '' کے بولوں پر مبنی اس کلب آئٹم سانگ کا میوزک وشال اور شیکھر نے ترتیب دیا جب کہ اسے پوری اور ادیتی شرما کی آواز میں ریکارڈ کیا گیاہے۔ اس گانے میں ایشا گپتا منیش ملہوترا کے تیار کردہ ملبوسات میں بہت خوبصورت دکھائی دے رہی ہے۔ واضح رہے کہ فلم کے دو گانوں ''تھو'' اور ''چنگم چبکے'' کی ویڈیوز پہلے ہیں جاری کی جاچکی ہیں۔ پونیت مہرا کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ''گوری تیرے پیار میں'' ایک ایسی سرپھری لڑکی کی کہانی ہے جو اچانک شہر کی زندگی چھوڑ کر بھارتی گجرات کے ایک گاؤں میں رہنے پہنچ جاتی ہے۔ فلم میں کرینہ کپور نے دیاشرما نامی لڑکی کا کردار ادا کیاہے اس فلم میں کرینہ نے شوخ و چنچل حسینہ سے گاؤں کی سیدھی سادھی مٹیاربن کر خوبصورت اداکاری کی ہے، جسے شائقین بیحد سراہیں گے۔فلم میں اس کا دوست سری رام وکانت جس کا کردار عمران خان نے اداکیاہے اسے واپس لانے کے لیے گاؤں جا پہنچتا ہے جہاں اسے دلچسپ وعجیب صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

واضح رہے کہ پونیت مہرا اپنی اس فلم کے دو گانوں''تھو'' اور ''چنگم چبکے'' کی ویڈیوز پہلے ہیں جاری کر چکے ہیں اور ان دونوں کا شوشل نیٹ ورک کی سائٹ پر اچھا رسپانس ملا ہے اور شائقین کی طرف سے بہت پسند کیا گیا ہے۔''گوری تیرے پیا رمیں'' کے اس آئٹم سانگ کے متعلق ایشاگپتا کا کہنا ہے یہ مخصوص قسم کا آئتم سانگ نہیں یہ ایک کلب گانا ہے۔ اس کے زریعہ فلم کے ہیرو عمران خان کا تعارف کرایا گیاہے ۔اس لیے اسے ایک تعارفی گانا بھی کہا جاسکتا ہے جو کہ فلم کا حصہ ہے۔میں اسے گانے سے بہت آگے دیکھ رہی ہوں۔ ادکارہ کا کہنا ہے اس فلم میں عمران خان کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ اچھا رہا وہ ایک بہت اچھا اور محنتی اداکار ہے میں اس کے ساتھ ایک مکمل فلم کرنا چاہتی ہوں ۔



ایک سوال کے جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ گوری تیرے پیار کے اس آئٹم سانگ میں اپنی بہترین پرفارمنس دکھائی ہے۔ دھرما پروڈکشز کے تحت تیار ہونے والی فلم''گوری تیرے پیار میں '' کو ریلائنس انٹرٹینمٹ 22نومبر 2013 کو سینما گھروں کی زینت بنائے گی 28نومبر 1985کو بھارت میں پیدا ہونے والی اداکارہ ایشا گپتا نے 2007میں مقابلہ حسن میں حصہ لے کر ایوارڈ جیتا اور مس انڈیا قرار پائیں۔ ایک انٹرویو کے دوران ایشا کا کہنا تھا کہ میں نے 2007کے دوران ہی ماڈلنگ شروع کردی تھی اور متعدد فیشن شوز میں حصہ لیا اور ریمپ پر واک کرنے کے ساتھ کمرشلز بھی کیں ۔ایشا گپتا نے بالی ووڈ میں اپنا کیرئر 2012 میں مہیش بھٹ کی فلم ''جنت ٹو'' میں عمران ہاشمی کے مدمقابل مرکزی کردار ادا کرکے شروع کیا۔اس فلم کے ہدایتکار کنال دیش مکھ تھے ۔میوزک پریتم کاتھا ،اور شگفتہ رفیق نے اس فلم کی کہانی لکھی تھی۔

ایشا کا کردار بھی اس کی شخصیت کے تحت الاٹ کیا گیا ۔جس میں ایشا نے عمران ہاشمی کے ساتھ اپنی عمدہ پرفارمنس سے شائقین کے دل جیت لیے ۔اس سال مہیش بھٹ نے ایشا گپتا کو دوسری فلم ''راز تھری ''میں بھی عمران ہاشمی کے ساتھ مرکزی کردا رمیں کاسٹ کرلیا۔اداکارہ نے اس فلم میں بھی اپنی پرفارمنس سے شائقین کو بے حد متاثر کیا ۔اس فلم کے ہدایتکار وکرم بھٹ تھے ۔اس فلم میں ایشا گپتا اور عمران ہاشمی کے ساتھ اداکارہ بپاشاباسو کا کردار بھی اہم رہاتھا۔بعد ازاں اداکارہ ایشا گپتا نے 24اکتوبر 2012میں ریلیز ہونے والی ہدایت کار و فلمساز پرکاش جھا کی فلم ''چکراویو''میں اہم کردار نبھایااس کے متعلق ادکارہ کا کہناتھاکہ چکرویومیں پولیس افسر کے کردار پر پرفارم کرکے حقیقی خوشی ہوئی ہے۔ فلمی ناقدین کا کہنا ہے کہ ایشا گپتا کی بالی ووڈ میں ابتدا بہترین ہے اور اسے ابتدا ہی میں کامیاب ہدایتکار اور فلمساز ملے جن کی وجہ سے آتے ہی اچھی فلموں میں نمایاں کام کرنے میں کامیاب ہوگئی ۔

ان کا کہنا ہے کہ ایشا گپتا اداکاری کے فن کو سمجھتی ہیں اورانھیں اپنا کردار نبھانے کا سلیقہ بھی آتا ہے ۔واضح رہے کہ ایشا گپتا فلم ساز ساج خان کی کامیڈی فلم ہمشکلز میں سیف علی خان کے ساتھ مرکزی کردار ادا کررہی ہیں ۔فلم کی کہانی کے مطابق فلم میں مین کردار تین مرد اور تین عورتوں کاہوگا۔اطلاعات کے مطابق فلم کے مرکزی کرداروں کے لیے خواتین کے تین مین کردار ایشاگپتا کے ساتھ ، بپاشا باسو، تمنا باٹھیا، ادا کریں گی جب کہ مردوں کے مرکزی کردار سیف علی خان ،رتیش دیش مکھ اور رام کپوراداکریں گے ۔پوجا انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے فاکس اسٹار اسٹوڈیو کے تعاون سے بنائی جانیوالی اس فلم کو اگلے برس 6جون کو سینماگھروں میں نمائش کے لیے پیش کیاجائیگا۔ایشاگپتاکا اپنی اس فلم کے متعلق کہنا ہے کہ میں ایسا کردار اداکرناچاہتی ہوں جو مداحوں کو ہمیشہ یاد رہے ،ہمشکلزمیں شائقین کو میری اداکاری پسند آئے گی ۔امید ہے یہ فلم مکمل ہوکر باکس آفس پر تمام ریکارڈ توڑ دے گی ۔

مقبول خبریں