جاپان میں ’بیمار کھلونوں‘ کا اسپتال

ویب ڈیسک  جمعـء 20 دسمبر 2019
یہاں بچوں کے ’بیمار کھلونوں‘ کا علاج کرکے بالکل نئی حالت میں لایا جاتا ہے تاکہ بچے انہیں دیکھ کر خوش ہوں۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

یہاں بچوں کے ’بیمار کھلونوں‘ کا علاج کرکے بالکل نئی حالت میں لایا جاتا ہے تاکہ بچے انہیں دیکھ کر خوش ہوں۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

اوساکا: جاپانی حکومت چاہتی ہے کہ وہاں رہنے والے سب لوگ، چاہے وہ بچے ہوں یا بڑے، ہمیشہ خوش رہیں۔ اب وہاں کی حکومت کو دیکھتے ہوئے ٹویوناکا شہر میں بھی ایک منفرد اسپتال نے کام شروع کردیا ہے جہاں بچوں کے ’بیمار کھلونوں‘ کا علاج کیا جاتا ہے اور انہیں بالکل نئی حالت میں واپس لایا جاتا ہے تاکہ بچے انہیں دیکھ کر خوش ہوتے رہیں۔

’فوموفو لینڈ این نوئیگورومی ہیلتھ کارپوریشن موفوموفوکائی پلش ہاسپٹل‘ خاص طور پر ’بیمار نرم کھلونوں‘ کا علاج کرنے اور انہیں ’صحت یاب‘ کرنے کےلیے بنایا گیا ہے۔

دیگر اقسام کے کھلونوں کے برعکس، نرم کھلونے استعمال کے کچھ عرصے بعد ہی دبنا شروع ہوجاتے ہیں اور بچوں کو یوں لگتا ہے جیسے ان کا کھلونا ’بیمار‘ ہوگیا ہے۔ بہت سے بچے اپنے کھلونوں سے اتنی محبت کرتے ہیں کہ انہیں ’بیمار‘ پڑتا دیکھ کر وہ دکھی ہوجاتے ہیں اور خود بھی بیمار پڑجاتے ہیں۔

بیمار کھلونوں کے اسپتال میں کھلونوں کی مرمت کرنے والے ’سرجن‘ کام کرتے ہیں۔ جب کسی کھلونے کو وہاں پہنچایا جاتا ہے تو سب سے پہلے اس کا بالکل ویسے ہی معائنہ کیا جاتا ہے جیسے کسی اصلی اسپتال میں بیماروں کا معائنہ کیا جاتا ہے۔ یہ سارا عمل بچے کی آنکھوں کے سامنے کیا جاتا ہے۔ اس کے بعد ’بیمار کھلونے‘ کو اسپتال میں داخل کرکے ’آپریشن‘ کی ممکنہ تاریخ بھی دے دی جاتی ہے۔

آپریشن کے وقت کھلونے کو باقاعدہ اسٹریچر پر ڈال کر آپریشن تھیٹر میں لے جایا جاتا ہے اور کمرہ اندر سے بند کردیا جاتا ہے۔ غرض کھلونے کی مرمت کسی آپریشن کی طرح کی جاتی ہے جس دوران کھلونے کو صاف ستھرا کرکے، اس میں نئی روئی بھر کر اسے بالکل ویسا کردیا جاتا ہے جیسا وہ نئی حالت میں تھا۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ چھوٹے بچے اپنے کھلونوں سے بہت پیار کرتے ہیں اور اگر اپنے کھلونے کو ’صحت یاب‘ ہوتا دیکھ کر انہیں خوشی ملتی ہے تو یہ بہت اچھی بات ہے۔ پھر اس طرح یہ کاروبار کا ایک منفرد ذریعہ بھی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔