سانحہ راولپنڈی میں جاں بحق افراد کی اجتماعی نماز جنازہ ادا کردی گئی کرفیو میں نرمی

نماز جنازہ میں مذہبی رہنماؤں اور علما کرام سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی


ویب ڈیسک November 17, 2013
نماز جنازہ میں مذہبی رہنماؤں اور علما کرام سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی، فوٹو؛ ایکسپریس نیوز

سانحہ راولپنڈی میں جاں بحق ہونے والے افراد کی لیاقت باغ میں اجتماعی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے۔

راولپنڈی میں یوم عاشور کے دوران دو گروپوں کے درمیان تصام کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد کی نماز جنازہ شہر نافذ کرفیو میں نرمی کے بعد ادا کی گئی جس میں مذہبی رہنماؤں اور علما کرام سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ نماز جنازہ میں شرکت کرنے والے افراد کو سخت چیکنگ کے بعد لیاقت باغ پہنچنے کی اجازت دی گئی جب کہ نمازہ جنازہ کے دوران فوج اور پولیس کی بھاری نفری نے لیاقت باغ کو چارون اطراف سے گھیرے میں لئے رکھا جب کہ اس دوران ہیلی کاپٹرز کے ذریعے فضا سے بھی نگرانی کی گئی۔

یوم عاشور کے روز پیدا ہونے والی کشیدگی کے باعث دوسرے روز بھی شہر میں کرفیو کی وجہ سے کئی علاقوں میں کھانے پینے کی چیزوں کے علاوہ پینے کا پانی بھی نایاب ہوگیا ہے۔ صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کشدہ صورتحال پر قابو پانے اور امن کے قیام کی کوششیں جاری ہیں، امن و امان برقرار رکھنے کےلئے راولپنڈی میں غیر معینہ مدت تک کے لئے موبائل فون سروس معطل کی گئی ہے۔

کشیدہ صورتحال کے باعث اہم سڑکوں اور عبادگاہوں پر پولیس اور فوج کی تعیناتی کے باوجود متاثرہ علاقوں میں شدید خوف پایا جاتا ہے، گزشتہ رات کرفیو میں نرمی کے باوجود بڑی تعداد میں عوام گھروں سے نہیں نکلی جس کی وجہ سے اقبال روڈ، نیا محلہ، سبزی منڈی، جامع مسجد روڈ، بنی اور گنج منڈی کے علاقوں میں خوراک اور پینے کے صاف پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے جس کی وجہ سے لوگوں میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے جبکہ جن علاقوں میں دکانیں کھلی ہیں وہاں دکانداروں نے ناجائز منافع خوری کا بازار گرم کررکھا ہے۔

دوسری جانب مشتعل افراد کی جانب سے نذر آتش کئے گئے راجا بازار میں لگی ہوئی آگ پر 2 روز بعد بھی قابو نہیں پایا جاسکا اور وقفے وقفے سے ملبے میں دبی چنگاریاں خوفناک آگ میں تبدیل ہوجاتی ہیں جس کے نتیجے میں اب تک درجنوں دکانیں اور کروڑوں روپے کا سامان جل کر خاکستر ہوچکا ہے۔

مقبول خبریں