پرویزمشرف غداری ٹرائل خصوصی عدالت کے قیام کی سمری صدرمملکت کوارسال

سمری کی منظوری کے بعد خصوصی عدالت کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جائےگا،سیکریٹری قانون بیرسٹر ظفراللہ


ویب ڈیسک November 20, 2013
خصوصی عدالت مکمل طور پر آزاد ہوگی ،عدالت کے اخراجات وزارت خزانہ کے فنڈز سے پورے کئے جائیں گے،بیرسٹرظفراللہ فوٹو:فائل

سابق صدرجنرل(ر) پرویزمشرف کے خلاف غداری ٹرائل کے لئے خصوصی عدالت کے قیام کی سمری صدر مملکت کو ارسال کردی گئی۔

سیکریٹری قانون بیرسٹر ظفراللہ کا کہنا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کے مقدے کے ٹرائل کے لئے قائم خصوصی عدالت مکمل طور پر آزاد ہوگی جبکہ عدالت کے اخراجات وزارت خزانہ کے فنڈز سے پورے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا صدرممنون حسین کو بھجوائی گئی سمری کی منظوری کے بعد خصوصی عدالت کے قیام کا نوٹی فکیشن جاری کردیا جائے گا، خصوصی عدالت کے قیام کا نوٹی فکیشن جاری ہونے کے بعد جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ اسلام آباد ہائی کورٹ میں مشرف غداری ٹرائل کی سماعت کرے گا۔

واضح رہے کہ سابق صدرپرویزمشرف نے 12 اکتوبر 1999 کو اس وقت کے اورموجودہ وزیراعظم نوازشریف کی حکومت کا تختہ الٹ کراقتدار پر قبضہ کرلیا تھا اورسپریم کورٹ نے بھی پرویز مشرف کے اس اقدام کی توثیق کردی تھی تاہم پرویزمشرف نے 3 نومبر 2007 کو ایک بار پھر آئین معطل کرکے ملک میں ایمرجنسی نافذ کردی لیکن اس بار سپریم کورٹ نے اس اقدام کو غیرآئینی اورغیرقانونی قراردے دیا تاہم اس کے بعد جن ججز نے پی سی او کے تحت حلف نہیں اٹھایا ان کو ان کے عہدوں سے ہٹادیا گیا تھا۔

مقبول خبریں