ناقص میٹریل اور گندے پانی سے کئی سڑکیں تباہ

اسٹاف رپورٹر  اتوار 23 فروری 2020
کراچی کی متعدد سڑکوں پر گندا پانی جمع کئی علاقے زیرِ آب ۔  فوٹو : ایکسپریس

کراچی کی متعدد سڑکوں پر گندا پانی جمع کئی علاقے زیرِ آب ۔ فوٹو : ایکسپریس

کراچی: ادارہ فراہمی و نکاسی آب کراچی کی نااہلی کے باعث شاہراہوں اور سڑکوں پر گندا پانی جمع رہنے سے سڑکیں تباہ ہوگئیں۔

کئی سڑکیں ناقص میٹریل کے استعمال کے باعث بھی ٹوٹ پھوٹ گئی ہیں، تباہ حال سڑکوں سے روزانہ گزرنے والے ہزاروں افراد اذیت میں مبتلا رہتے ہیں۔  شہرکے کئی علاقوں کی بڑی سڑکیں ناقص مٹیریل اور واٹر بورڈ کی نااہلی  سے تباہ ہوچکی ہیں ،حبیب بینک چورنگی سے لیکر شیر شاہ تک اسٹیٹ ایونیوکئی کلومیٹر تک ٹوٹ پھوٹ چکی ہے۔

حسین آباد میمن فاؤنڈیشن سے عزیز آباد جانے والی سڑک پر گندہ پانی جمع رہنے سے سیکڑوں طالبات اور مکینوں کوشدید مشکلات کا سامنا ہے ،اسی سڑک پر دہلی کالج اور کئی بلدیاتی اسکول بھی ہیں ،جن کے طالب علم بھی انتہائی مشکل سے سڑک سے گزرتے ہیں ، عزیزآباد کی سڑک مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہے ، سڑک پر بڑے بڑے گڑھے پڑچکے ہیں ،ٹھیکیداروں نے اپنی جیبیں بھرنے کے لیے شہریوں کے کروڑوں روپے برباد کردیے۔

نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، لیاری ،بلدیہ ٹاؤن ،اتحاد ٹاؤن لانڈھی اور کورنگی ،ملیر،سرجانی ،نیوکراچی ،نارتھ کراچی دیگر علاقوں کی کئی سڑکوں پر پانی جمع رہنے اور ناقص میٹریل کے استعمال سے بڑے بڑے گڑھے پڑچکے ہیں ،ضیا الدین چورنگی سے ناظم جانے والی سڑک علامہ رشید ترابی روڈ کی حالت انتہائی خراب ہوچکی ہے۔

شہریوں نے کہا ہے کہ روزانہ کروڑوں روپے ٹیکس دینے والے شہر کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں،سندھ حکومت کراچی کی سڑکیں بھی نہیں سنبھال سکتی، کسی بھی علاقے کی سڑکیں درست حالت میں نہیں، شہر میں ایک مقام سے دوسرے مقام پر جانا انتہائی دشوار گزار ہوچکا ہے،سڑکوں کی درستی کیلیے  ہنگامی بنیاد پر کام کیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔