بھارتی مظالم جاری؛ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور لاک ڈاؤن 234 ویں روز میں داخل

آئی این پی  جمعرات 26 مارچ 2020
وادی میں خوراک اور ادویات کی قلت برقرار، بھارتی فوج نے گذشتہ ماہ 10کشمیریوں کو شہید کیا، کشمیر میڈیا سروس۔ فوٹو: فائل

وادی میں خوراک اور ادویات کی قلت برقرار، بھارتی فوج نے گذشتہ ماہ 10کشمیریوں کو شہید کیا، کشمیر میڈیا سروس۔ فوٹو: فائل

سری نگر: مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی فوج کے مظالم جاری ہیں جب کہ وادی میں کرفیواورلاک ڈاؤن 234 ویں روزمیں داخل ہوگیا ہے۔

مقبوضہ وادی کشمیرمیں بھارت کی طرف سے مسلط کردہ غیرانسانی لاک ڈاؤن اور مواصلاتی بندش کے باعث مسلسل 233 ویں روز بھی معمولات زندگی بدستور مفلوج ہیں۔ سڑکیں سنسان، وادی میں دکانیں، کاروبار، تعلیمی مراکز بند ہیں اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ قابض بھارتی فوج نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور ایک کروڑ سے زائد افراد دنیا کی سب سے بڑی جیل میں قید ہیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے گذشتہ ماہ 10 کشمیریوں کو شہید کیا۔ بھارتی کابینہ نے کشمیر میں آبادکاری ایکٹ سمیت 37 قوانین کے نفاذکی منظوری بھی دے دی ہے، مودی سرکار نے علاقوں کے نام بھی تبدیل کرناشروع کردیے ۔ وادی میں نام نہاد سرچ آپریشن اورپکڑ دھکڑ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

وادی میں خوراک اور ادویات کی قلت بھی برقرار ہے۔ 8 لاکھ سے زائد کشمیریوں کوسخت پریشانیوں کا سامنا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں اب تک لگ بھگ 894 بچے شہید اور 177 ہزار سے زائد یتیم ہوچکے ہیں۔ بھارت نے مظلوم کشمیریوں پر ظلم وبربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے اور ہزاروں کشمیریوں سمیت مقبوضہ وادی کی سیاسی قیادت کو بھی جیلوں میں بند کر رکھا ہے۔

وادی میں موبائل فون، انٹرنیٹ سروس بند اور ٹی وی نشریات تاحال معطل ہیں۔ دوسری جانب مودی سرکار کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے میں ناکام ہے۔ کشمیری کرفیو توڑ کر سڑکوں پر نکل آئے اور بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کرتے رہے۔

واضح رہے کہ 5 اگست کو مودی سرکار نے کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اے کو ختم کر کے مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ کر دیا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔