ملک بھر میں کورونا وائرس کے 68 ہزار سے زائد مریض، 1433 جاں بحق

ویب ڈیسک  ہفتہ 30 مئ 2020
اس وائرس کے شکار 24 ہزار 131 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں (فوٹو : فائل)

اس وائرس کے شکار 24 ہزار 131 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں (فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 68 ہزار 307 ہوگئی تاحال 1433 افراد اس وائرس کے سبب جاں بحق اور 24 ہزار 131 صحت یاب ہوچکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں 12 ہزار 20 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر پانچ لاکھ 32 ہزار 37 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے مزید کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھر میں کورونا کے مجموعی مصدقہ مریضوں کی تعداد 68 ہزار 307 ہوگئی ان میں سے 24 ہزار 131 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔

پنجاب میں کورونا کے 24 ہزار 104، سندھ میں 27 ہزار 360، خیبرپختونخوا میں 9 ہزار 540 ، بلوچستان میں 4 ہزار 193 کیسز، اسلام آباد میں کورونا کے 2 ہزار 192، گلگت بلتستان 678، آزاد کشمیرمیں 240 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے باعث 80 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے ہیں جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ ملک میں اب تک کورونا وبا سے ایک ہزار 433 اموات ہو چکی ہیں۔

کورونا وائرس اور احتیاطی تدابیر:

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اور وہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔