پانی کو ایک منٹ میں صاف کرنے والی الٹراوائلٹ بوتل

ویب ڈیسک  منگل 25 اگست 2020
شفاف بوتل جو الٹراوائلٹ شعاع سے پانی کو ایک منٹ میں جراثیم سے پاک کرسکتی ہے۔ فوٹو: کک اسٹارٹر ویب سائٹ

شفاف بوتل جو الٹراوائلٹ شعاع سے پانی کو ایک منٹ میں جراثیم سے پاک کرسکتی ہے۔ فوٹو: کک اسٹارٹر ویب سائٹ

ہانگ کانگ: تصور کیجئے ایک ایسی شفاف بوتل کا جس میں پانی بھرتے ہی ازخود ایک منٹ میں جراثیم سے پاک ہوجاتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس شفاف بوتل کو اندھیرے میں بطور ٹارچ بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

اگر آپ سفر میں ہیں تو بہت سے مقامات پر صاف پانی کا حصول مشکل ہوجاتا ہے۔ اس موقع پر’آئی یو وی آئی‘ ایک بہترین معاون ثابت ہوتے ہوئے بوتل کے پانی کو صرف 60 سیکنڈ میں جراثیم سے سے پاک کرسکتی ہے۔ اس میں الٹروائلٹ ایل ای ڈی ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے ۔ ہم جانتے ہیں کہ الٹراوائلٹ شعاعیں نہایت مؤثر انداز میں پانی اور دیگر اشیا کو صاف کرسکتی ہے۔

ضرورت پڑنے پر اس بوتل کو ٹارچ، سگنل لائٹ یا کسی کو اشارے سے مدد کےلیے بلانے کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اسی بوتل کے ساتھ چارج کرنے والا پاور بینک بھی شامل ہے اور ہر جگہ بار بار چارج کرنے کی ضرورت بھی ختم ہوجاتی ہے۔

آئی یو وی آئی میں کوئی بٹن نہیں لگا بلکہ اس میں ٹچ سینسر نصب ہے۔ جیسے ہی آپ بوتل کے ڈھکنے کو چھوتے ہیں اور اس میں شامل بہت سے آپشن میں سے کسی ایک کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ ٹچ سینسر ہر کام کے لیے آپ کو سہولت فراہم کرتا ہے۔  ایک مرتبہ چارج کرنے پر اس کی بیٹری پورے مہینے چلتی رہتی ہے۔

اگر آپ ڈھکنے کو تین مرتبہ چھوتے ہیں تو ٹارچ روشن ہوجاتی ہے جبکہ چوتھی مرتبہ چھونے پر اندر یو وی لائٹ روشن ہوکر پانی صاف کرتی ہے۔ تاہم حادثاتی طور پر کھلنے اور بند ہونے کے لیے ڈھکنے پر لاک لگایا جاسکتا ہے۔

فی الحال یہ ایجاد انٹرنیٹ کراؤڈ فنڈنگ سے گزررہی ہے اور 65 یورو میں ایک چارجر، ایک بوتل اور ایک اڈاپٹر خریدا جاسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔