پی ٹی آئی کا فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی میں ریلی نکالنے کا اعلان

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 31 اکتوبر 2020
ریلی کل مزار قائد سے کلفٹن تین تلوار تک نکالی جائے گی، فردوس شمیم نقوی، خرم شیرزمان اور دیگر رہنماؤں کی پریس کانفرنس (فوٹو: فائل)

ریلی کل مزار قائد سے کلفٹن تین تلوار تک نکالی جائے گی، فردوس شمیم نقوی، خرم شیرزمان اور دیگر رہنماؤں کی پریس کانفرنس (فوٹو: فائل)

 کراچی: مسلح افواج اور حکومت سے اظہار یکجہتی کے لیے پاکستان تحریک انصاف نے اتوار یکم نومبر کو مزار قائد سے کلفٹن تین تلوار تک ریلی نکالنے کا اعلان کردیا۔

یہ اعلان سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی، خرم شیرزمان، محمود مولوی، جمال صدیقی سمیت دیگر رہنماؤں نے ہفتے کو انصاف ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فوج کی پشت پر 22 کروڑ عوام کھڑی ہے جو ملک کے چپے چپے کی حفاظت کرنے والی مسلح افواج کے شانہ بشانہ اور خون کا آخری قطرہ بہانے کے لیے تیار ہے، دشمن کے لیے واضح پیغام ہے کہ ہم اپنی فوج کے شانہ بشانہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ظلم ہورہا ہے اور پی ڈی ایم اپنی سیاست میں مشغول ہے، بھارت کے جنگی جہاز اور پائلٹ کو پاکستان نے گرایا کیوں کہ پاکستانی فوج دنیا کی عظیم فوج ہے، جب بھی بھارت پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھتا ہے قوم پاکستانی افواج کے پیچھے کھڑی ہوتی ہے۔

پی ٹی آئی سندھ کے صدر خرم شیر زمان نے کہا کہ بارہ سیاسی جماعتوں کے مکس اچار پارٹی کا مقصد پاکستانی افواج کو نیچا دکھانا ہے، پی ڈی ایم کا ایجنڈا پاکستان کی ترقی کو روکنا ہے، وزیراعظم نے کووڈ کا مقابلہ کرتے ہوئے معاشی صورتحال کو مستحکم کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ جو الفاظ ایاز صادق نے استعمال کیے اس کی مذمت کرتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔