یاسر شاہ جنوبی افریقا کے خلاف شاندار کارکردگی کیلیے پرعزم

زبیر نذیر خان  ہفتہ 23 جنوری 2021
جنوبی افریقا کے خلاف سیریز ایک چیلنج ثابت ہوگی، یاسر شاہ۔ فوٹو : فائل

جنوبی افریقا کے خلاف سیریز ایک چیلنج ثابت ہوگی، یاسر شاہ۔ فوٹو : فائل

 کراچی: معروف اسپنر یاسر شاہ کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف شاندار کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہوں۔

ایک پریس کانفرنس میں یاسر شاہ کا کہنا تھا کہ نوجوان باؤلرز سے زیادہ اچھی کارکردگی دکھانا چاہتا ہوں، پرفارمنس خراب اور بری ہوتی رہتی ہے، مجھے فٹنس کا کوئی مسئلہ نہیں، جتنی بھی کرکٹ رہ گئی کوشش کروں گا کہ زیادہ سے زیادہ وکٹیں حاصل کروں، میں فاسٹ بولرز کی مدد کرتا اور وکٹیں بھی حاصل کرتا ہوں۔

اسپنر نے کہا کہ ٹیسٹ میچ میں پہلے 2 دن اسپنرز کے لیے مشکلات ہوتی ہیں، گیند کے بریک نہ ہونے کے باوجود اسپنرز کی کارکردگی کا امتحان ہوتا ہے، آسٹریلیا، سری لنکا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں کنڈیشن موافق نہ ہونے کی وجہ سے کارکردگی متاثر ہوئی اور زیادہ وکٹیں نہ حاصل کر سکا تاہم مسلسل بولنگ کرکے تھک جانے والے  فاسٹ بولرز کی بھرپور مدد کی۔

یاسر شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی کی وکٹ اسپنرز کے لیے مددگار اور سود مند رہے گی، جنوبی افریقا کے اسپنر کیشف مہاراج پاکستانی بیٹسمینوں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں، دنیا کی بہترین ٹیموں کا پاکستان آنا خوش آئند ہے، جنوبی افریقا کے خلاف سیریز ایک چیلنج ثابت ہوگی، نوجوان اسپنر نعمان اور ساجد خان سے اچھی توقعات ہیں، انہوں نے ڈومیسٹک سیزن میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے متاثر کیا، ان سے بہت اچھی توقعات ہیں، اپنے دور کے بہترین اسپنر اوراین سی اے کے کوچ محمد ثقلین ٹریننگ سیشنز میں میری بھرپور مدد کر رہے ہیں اور ٹپس بھی دیتے رہتے ہیں جس سے میری کارکردگی مزید بہتر ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔