ملک میں رمضان المبارک سے پہلے ہی مہنگائی نے سر اٹھانا شروع کر دیا

گزشتہ ماہ(جنوری) ملک میں مہنگائی کی شرح 0.39 فیصد اضافے کے ساتھ سالانہ بنیادوں پر 5.80 فیصد ریکارڈ کی گئی


ارشاد انصاری February 02, 2026

اسلام آباد:

ملک میں رمضان المبارک سے پہلے ہی مہنگائی نے سر اٹھانا شروع کر دیا ہے، گزشتہ ماہ(جنوری) ملک میں مہنگائی کی شرح 0.39 فیصد اضافے کے ساتھ سالانہ بنیادوں پر 5.80 فیصد ریکارڈ کی گئی، وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی کے بارے ماہانہ رپورٹ جاری کردی۔

وفاقی ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جنوری 2026 میں ماہانہ بنیاد پر زندہ برائلرمرغی  سولہ فیصد، گندم  دس فیصد،ٹماٹر سات  فیصد اور آٹا 4.8 فیصد تک مہنگا ہوا۔

پھلوں کی قیمتیں 2.28 اور مصالحہ جات کی 2 فیصد اضافی ہوامچھلی، بیکری آئٹمز، دال مونگ، خشک میوے،  خشک دودھ اور گوشت کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری طرف جنوری میں  پیاز اور آلو 28 فیصد جبکہ مجموعی طور پر  سبزیاں 16.59 فیصد تک سستی ہوئی ہیں، چینی کی قیمت میں 9.6 اور انڈوں کی قیمت میں چھ فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

گزشتہ ماہ دال چنا، مسور، گڑ، ماش، بیسن اور سگریٹس کے دام بھی کم ہوئےجولائی دوہزار پچیس سے جنوری دوہزار چھبیس کے دوران مہنگائی کی اوسط شرح  5.24 فیصد رہی ہے۔

مقبول خبریں