صدر موبائل مارکیٹ کی عمارت میں ساتویں فلور پر آتشزدگی

فائر بریگیڈ کی چار گاڑیاں نے اسے بجھایا، لوگوں کو نکال لیا گیا


اسٹاف رپورٹر February 02, 2026

کراچی:

صدر کی ایک موبائل مارکیٹ میں آگ لگ گئی، فائر بریگیڈ کی چار گاڑیاں نے آگ پر قابو پایا، پھنسے ہوئے لوگوں کو نکال لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق صدر میں واقع النجیبی موبائل مارکیٹ میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے، آگ ساتویں فلور پر لگی، فائر بریگیڈ کی چار گاڑیاں اسے بجھانے میں مصروف رہیں۔

آگ کے سبب دونوں اطراف کے روڈ ٹریفک کے لیے بند کردیے گئے، متبادل راستے سے ٹریفک کو بمبینو چوک سے گرامر اسکول کی طرف اور گلزار چوک سے ایمپریس مارکیٹ کی طرف بھیجا گیا۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ پر قابو پانے کے لیے اسنارکل بھی منگوائی گئی، عمارت میں لوگ پھنسے ہوئے تھے جنہیں بحفاظت نکال لیا گیا، آگ نے متعدد گاڑیوں کو بھی لپیٹ میں لیا۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق ریسکیو 1122 کی جانب سے عمارت میں اینٹری کرلی گئی،
مزید سرچنگ جاری ہے۔

حکام کے مطابق آگ سے تین گاڑیاں جل گئیں جب کہ دو افراد کی دھویں سے حالت غیر ہوئی تھی جنہیں امداد کے بعد گھر بھیج دیا گیا۔

اطلاع ملنے پر میئر مرتضیٰ وہاب بھی پہنچے، میئر کراچی اسنارکل پر چڑھ گئے اور  آتشزدگی کے مقام کا جائزہ لیا۔

وزیراعلی سندھ مرادعلی شاہ نے آتشزدگی پر قابو پانے پر ریسکیو ورکرز کو شاباش دی اور کہا کہ حادثات و واقعات میں جان و املاک کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئےجاں فشانی سے کام کریں، ایسےواقعات و حادثات کی اطلاعات پر کراؤڈ مینجمنٹ کو مزید بہتر کیا جائے، آئندہ ممکنہ حادثات کے پیش نظر اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے۔

مقبول خبریں