کال سینٹر فراڈ؛ چین میں میانمار کے 4 مجرموں کو پھانسی؛ مجموعی تعداد 15 ہوگئی

میانمار سے آن لائن جعلی اسکیمیں چلانے والے گروہ نے چینی شہریوں سے سوا 4 ارب روپے کا غبن کیا


ویب ڈیسک February 02, 2026
چین میں مزید 4 افراد کو پھانسی؛ مجموعی تعداد 15 ہوگئی

چین نے میانمار کے شمالی علاقے میں قائم فراڈ اور جرائم کے مراکز سے منسلک مزید 4 ملزمان کو سزائے موت دے دی.

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ان ملزمان پر بڑے پیمانے پر آن لائن فراڈ، ٹیلی کام اسکیمیں، منشیات اسمگلنگ اور قتل جیسے سنگین جرائم کی دفعات کے تحت مقدمہ چلایا گیا تھا۔

ان ملزمان کو چینی عدالت نے نومبر 2025 میں سزائے موت سنائی تھی، جسے سپریم پیپلز کورٹ نے برقرار رکھا اور پھانسی کی توثیق کی تھی۔

یہ ملزمان “بائی فیملی” نامی مجرمانہ گروہ کے رکن تھے جس نے میانمار کے کوکانگ (Kokang) علاقے میں بڑے پیمانے پر ٹیلی کام اور آن لائن فراڈ آپریشنز قائم کیے تھے۔

اس گروہ پر الزام تھا کہ ان کے اسکیموں سے متعدد چینی شہریوں کے اکاؤنٹس پر 29 بلین یوآن (تقریباً 4.16 ارب امریکی ڈالر) سے زائد کا ڈاکہ ڈالا گیا۔

اس مالی نقصان پر کم از کم 6 چینی شہری ہلاک اور متعدد کی حالت غیر ہوگئی تھی۔

میانمار کا یہ گروہ غیر قانونی جوا، اغوا، منشیات اسمگلنگ، زبردستی بدکاری اور تشدد میں بھی ملوث تھا۔

چین نے اسی سلسلے میں پچھلے ہفتے بھی 11 دوسرے ملزمان کو سزائے موت دی تھی جو اسی طرح میانمار کے اسکیم نیٹ ورکس سے منسلک تھے۔

یاد رہے کہ پھانسی کی یہ کارروائیاں چین کے اُس بڑے کریک ڈاؤن کا حصہ ہیں جس میں سرحد پار قائم فراڈ اور ٹیلی کام اسکیم سینٹرز کی سرکوبی کی جا رہی ہے۔

 

 

مقبول خبریں