کوئی بھی سندھ دھرتی کو تقسیم نہیں کرسکتا قائم علی شاہ

لاڑکانہ میں قائد عوام کے مزار پر حاضری کے بعد گفتگو، یوم ولادت کا کیک کاٹا


ملک بھر میںذوالفقار علی بھٹو کا 86واں یوم ولادت جوش وخروش سے منایا گیا۔ فوٹو: فائل

HYDERABAD: وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ ملک و قوم کے لیے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔

وہ اتوارکو گڑھی خدا بخش بھٹو میں شہید بھٹو کے مزار پر حاضری دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔قائد عوام اور سابق وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کا 86واں یوم ولادت اتوار کو ملک بھر میں جوش وخروش کے ساتھ منایا گیا۔ نمائندگان ایکسپریس کے مطابق بالائی سندھ کے مختلف شہروں اور کراچی میں پیپلزپارٹی، پی پی شہید بھٹو اور ذیلی تنظیموں کی جانب سے تقاریب کا انعقاد کرکے کیک کاٹے گئے اور قائد عوام کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے لاڑکانہ میں دیگر رہنمائوں کے ساتھ ذوالفقارعلی بھٹو کے یوم ولادت کا کیک کاٹا۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے بھارت سے 90 ہزار جنگی قیدیوں کو آزاد کرایا، اندرا گاندھی کو شملہ معاہدے پر مجبور کیا اور 5 ہزار مربع کلو میٹر پر محیط ریگستانی رقبہ پاکستان کو واپس دلایا۔

 photo 1_zps0c13e661.jpg

صحافیوں کی جانب سے صحافی شان ڈہر کے قاتلوں کی گرفتاری کے متعلق کیے گئے سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ڈی آئی جی لاڑکانہ خادم حسین رند کو 3 دن میں قتل کے متعلق رپورٹ جمع کرانے کے احکام دیدیے ہیں، صحافی شان ڈہر کی بیوہ کو پلاٹ الاٹ کیا جائے گا۔ایک اور سوال کے جواب میں قائم علی شاہ نے کہا کہ کوئی بھی سندھ دھرتی کو 2 حصوں میں تقسیم نہیں کرسکتا،ہم سندھ کے عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔کراچی سے اسٹاف رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ ہائوس کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی کے دفتر میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میںشہید ذوالفقار علی بھٹوکے یوم ولادت کا کیک کاٹا گیا۔

مقبول خبریں