مڈل آرڈر کی ناکامی پر پاکستان کو سخت تشویش

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 17 اپريل 2021
مینجمنٹ کا اعتماد حاصل ہے،کسی صورتحال میں دباؤ محسوس نہیں کرتا،فہیم
 فوٹو : اے ایف پی

مینجمنٹ کا اعتماد حاصل ہے،کسی صورتحال میں دباؤ محسوس نہیں کرتا،فہیم فوٹو : اے ایف پی

 لاہور:  سیریز میں فتح کے باوجود مڈل آرڈر کی ناکامی پر پاکستان کو سخت تشویش ہے جب کہ کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ مل بیٹھ کر غلطیوں کا جائزہ لیں گے۔

جنوبی افریقہ سے سیریز میں فتح کے بعد قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں دونوں سیٹ بیٹسمینوں کے ایک ساتھ آؤٹ ہونے سے مڈل آرڈر بیٹنگ دباؤ کا شکار ہوئی،فتح خوش آئند مگر ہم مل بیٹھ کر اپنی غلطیوں کا جائزہ لیں گے، سب کو اعتماد دیں گے، کوشش ہوگی کہ غلطیوں کو آئندہ میچز میں کم سے کم دہرائیں۔

انھوں نے کہا کہ ون ڈے سیریز کے بعد فخرزمان نے چوتھے اور فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا،ان کی فارم کا ٹیم کو بہت فائدہ پہنچ رہا ہے۔

بابر اعظم نے کہا کہ جنوبی افریقہ کا دورہ شروع ہونے سے قبل ہر کھلاڑی کا عزم تھا کہ سو فیصد پرفارم کرنا ہے، جب ٹیم کا ایسا جذبہ ہو تو نتائج بھی مثبت ہی آتے ہیں، قیادت کے ساتھ بطور کھلاڑی میری کوشش تھی کہ پرفارمنس پاکستان کے کام آئے۔

انھوں نے کہا کہ سیریز کا جشن منانے کیلیے ہمارے ساتھ سپورٹرز بھی اسٹیڈیم میں ہوتے توزیادہ خوشی ہوتی لیکن کورونا کی وجہ سے حالات اس کی اجازت نہیں دے رہے، بہرحال انھوں نے سوشل میڈیا پر بھی ہماری بڑی حوصلہ افزائی کی ہے،اس پرسب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

بابر اعظم نے کہا کہ قرنطینہ اور دیگر مسائل کے باوجود جنوبی افریقہ کا دورہ خوشگوار رہا،میزبان بورڈ نے بہترین سہولیات فراہم کیں، مہمان نوازی کیلیے ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

مین آف دی میچ فہیم اشرف نے کہا کہ فیلڈنگ کرتے ہوئے بیٹسمینوں کے اسٹروکس دیکھتے ہوئے میں اپنی حکمت عملی بنا رہا تھا، اسی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نہ صرف رنز روکے بلکہ وکٹیں حاصل کرنے میں بھی کامیاب رہا، مجھے ٹیم مینجمنٹ کا اعتماد حاصل ہے، اس لیے کسی بھی صورتحال میں دباؤ محسوس نہیں کرتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔