ڈی ایچ اے میں رہائشی عمارت ٹیڑھی ہوگئی انسانی جانوں کو خطرہ لاحق

ڈی ایچ اے انتظامیہ کی جانب سے دوماہ پہلے ہی بلڈنگ کے مالک کوعمارت خالی کرانے کے لیے متنبہ کیا جاچکا ہے


ویب ڈیسک May 31, 2021
عمارت کے تعمیراتی ڈھانچے کو گزشتہ سال شہر میں ہونے والی طوفانی بارشوں کی وجہ سے نقصان پہنچا۔(فوٹو:ایکسپریس)

شہر کے پوش علاقے ڈیفنس ہاوسنگ اتھارٹی میں بلندوبالا رہائشی عمارت قیمتی انسانی جانوں کے لیے خطرے کی علامت بن گئی،عمارت کے گراونڈ فلور پردکانیں جب کہ بالائی منزلوں پرمختلف خاندان کرائے پررہائش پذیر ہیں، ڈی ایچ اے انتظامیہ نے متاثرہ بلڈنگ کے حوالے سے نوٹس لےلیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈی ایچ اے فیزسیون ایکسٹینشن میں سرائیکی پلیہ کے قریب واقع پانچ منزلہ رہائشی عمارت ٹیڑھی ہوگئی،جس کی وجہ سے قیمتی انسانی جانوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ پیدا ہوگیاہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ عمارت 12سال قبل تعمیر کی گئی تھی، جس کے گراونڈ فلورپردکانیں جب کہ بالائی منزلوں پرمختلف خاندان بطورکرایہ داررہائش پذیر ہیں، عمارت کے تعمیراتی ڈھانچے کو گزشتہ سال شہر میں ہونے والی طوفانی بارشوں کی وجہ سے نقصان پہنچا، جس کی وجہ سے عمارت ایک جانب جھک گئی ہے، جس کے سدباب کے لیے ہنگامی بنیادوں پراقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

ڈیفنس ہاوسنگ اتھارٹی نے متاثرہ بلڈنگ کے حوالے سے نوٹس لے لیاہے، ڈی ایچ اے حکام کی جانب سے متاثرہ بلڈنگ کا اسٹرکچرانجینئرز سے معائنہ کروادیا گیا، آج صبح بھی ڈی ایچ اے، کنٹونمنٹ بورڈ اورپولیس کے اعلیٰ افسران نے متاثرہ بلڈنگ کا دورہ کیا ہے۔ ڈی ایچ اے انتظامیہ کی جانب سے دوماہ پہلے ہی بلڈنگ کے مالک کوعمارت خالی کرانے کے لیے متنبہ کیا جاچکا ہے۔ جب کہ مذکورہ عمارت پر بلڈنگ کو خالی کروانے کے حوالے سے بینرز بھی آویزاں کردیے گئے ہیں۔

مقبول خبریں