سیاست میں واپسی کا راستہ ہمیشہ ہوتا ہے، شاہد خاقان عباسی کا پیپلز پارٹی کو پیغام

ویب ڈیسک  منگل 8 جون 2021
وفاق اور پنجاب میں پاکستان کی کرپٹ ترین حکومت ہے ،رہنما (ن) لیگ فوٹو: فائل

وفاق اور پنجاب میں پاکستان کی کرپٹ ترین حکومت ہے ،رہنما (ن) لیگ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے سینیئر نئب صدر شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں آج تک کوئی الیکشن شفاف نہیں ہوا۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہد ضاقان عباسی نے کہا کہ احتساب کا عمل جو جاری ہے اس کا حال سب دیکھ سکتے ہیں،ہم تو کہتے ہیں کہ کیمرے لگائیں اور بتائیں کہ ان کیسز میں کیا ہوتا رہا ہے، چیئرمین نیب خود سپریم کورٹ کے جج رہ چکے ہیں ان سے کہتا ہوں کہ یہاں آ کر دیکھیں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ لوگ تکلیف میں اور ملک مشکل میں ہے، ملک میں مہنگائی ہے اورلوگ بےروزگار ہورہے ہیں، کوئی پوچھنےوالانہیں کہ ملک میں مہنگائی کیوں ہے؟ وزیر اعظم کا مشکور ہوں جنہوں نے فرمایا کہ جس ملک کے حکمران کرپٹ ہوں تو ملک تباہ ہو جاتا ہے ،آج وفاق اور پنجاب میں پاکستان کی کرپٹ ترین حکومت ہے ، وزرا دوائیوں، چینی اور گندم میں پیسے کھا گئے اور ان میں کروڑوں نہیں اربوں روپے کھائے گئے، یہ حکومت جاری منصوبے تک مکمل نہیں کر سکی۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ کل ٹرین کا بڑا حادثہ ہوا اور وزیراعظم پارلیمنٹ تک نہیں آئے ، صرف ٹویٹ سے اظہار افسوس نہیں ہوتا، یہ نالائقی اور کرپشن ہے ، ٹرین کی پٹڑی کی مرمت کے پیسے کرپشن کی نذر ہوئے اور پارلیمنٹ میں حکومتی وزرا نے کہا کہ یہ پرانی حکومت کا کیا دھرا ہے۔ کمیشن کا مقصد ملزمان کو تحفظ اور چوری کو چھپانا ہے مگر یہ کام اب نہیں چل سکتا۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں آج تک کوئی الیکشن شفاف نہیں ہوا، اپوزیشن کا کام ہے کہ عوام کی بات کرے، اگر شفاف الیکشن ہوئے اور دھاندلی نہ ہوئی تو عوام الیکشن میں بتائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاست میں کوئی پوائنٹ آف نو ریٹرن نہیں ہوتا، ہم اور پیپلز پارٹی سیاسی جماعتیں ہیں،پیپلز پارٹی کی قیادت کو کہتا ہوں کہ ظرف بھی کوئی چیز ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔