عام انتخابات کسی بھی وقت ہو سکتے ہیں، بلاول بھٹو زرداری

ویب ڈیسک  منگل 10 اگست 2021
کراچی میں بلدیاتی انتخابات میں ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کو شکست دیں گے،۔ بلاول بھٹو زرداری فوٹو: فائل

کراچی میں بلدیاتی انتخابات میں ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کو شکست دیں گے،۔ بلاول بھٹو زرداری فوٹو: فائل

 کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ملک میں عام انتخابات کسی بھی وقت ہو سکتے ہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وفاقی حکومت کراچی کے لئے کچھ کرنے کو تیار نہیں، وفاقی حکومت کراچی سمیت سندھ کو پورے وسائل نہیں دے رہی، وفاقی حکومت کی سازشوں کے باوجود پیپلز پارٹی عوام کی خدمت کررہی ہے، پیپلز پارٹی پورے صوبے میں کم وسائل کے باوجود کام کررہی ہے۔ وفاقی حکومت نے کراچی کے لیے 11سوارب روپے کااعلان کیا، حکومتی اعلان کو ایک سال گزرنے کے باوجود کراچی کے لیے ایک روپیہ نہیں ملا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت آئینی نہیں، یہ غیرمستحکم ہے، عام انتخابات کسی بھی وقت ہوسکتے ہیں، ہماری پوری تیاری ہے، تبدیلی کا اصل چہرہ غربت، مہنگائی اور بے روزگاری ہے، عوام نے تبدیلی کو پہچان لیا ہے، کراچی سے کشمیر عوام پیپلز پارٹی کی طرف دیکھ رہے ہیں، وہ اپنے مسائل کا حل پیپلزپارٹی میں سمجھتے ہیں، پیپلز پارٹی میں نچلی سطح سے لے کر اوپر تک شمولیت کا سلسلہ جاری ہے۔ کراچی میں بلدیاتی انتخابات میں ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کو شکست دیں گے۔ کچھ عرصے کے بعد واشنگٹن کا دورہ کروں گا پھر ان کی چیخیں دیکھیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی عزت کرتے ہیں، پیپلز پارٹی نہ تو ماضی میں کسی کے اشاروں پر چلی اور نا مستقبل چلے گی، پیپلز پارٹی صرف عوام کے اشاروں پر چلتی ہے، ہم سمجھتے ہیں نئے الیکشن مسائل کا حل ہے، جمہوری انداز سے سیاست کی جائے تو نقصان نہیں ہوگا، پیپلز پارٹی جب تک پی ڈی ایم کا حصہ تھی اپوزیشن جیت رہی تھی، ہم نے ضمنی الیکشن میں حصہ لے کر حکومت کو شکست دی ہے۔ اگر اپوزیشن سنجیدہ ہےتو عثمان بزدار اور عمران خان کےخلاف تحریک عدم اعتماد لائے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ افسوس ہے کہ وزیراعظم دہشت گردوں کے ساتھ نرم رویہ رکھتے ہیں، حکومت کو دہشت گردی کے خاتمے کی لیے اپنی پالیسی پر نظرثانی کرنی چاہیے اور دہشت گردوں کے ساتھ نرم رویہ ختم کرے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔