ماسٹرز پروگرام ختم کالج گریجویٹ بی ایس سال سوئم میں داخلہ لیں گے

منظوری کے لیے اکیڈمک کونسل کا اجلاس طلب کرلیا گیا


Safdar Rizvi November 10, 2021
منظوری کے لیے اکیڈمک کونسل کا اجلاس طلب کرلیا گیا ۔ فوٹو : فائل

جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے نئے تعلیمی سیشن 2022 کے لیے چار سالہ روایتی بی ایس ڈگری پروگرام جاری رکھنے اور ماسٹرز پروگرام میں داخلے نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ کالج گریجویٹ کو بی ایس پروگرام کے پانچویں سیمسٹر میں داخلہ دیا جائے گا۔

اس سلسلے میں نئے تعلیمی سیشن 2022 میں داخلوں کے لیے اکیڈمک کونسل کا اجلاس آج جمعرات کو ہورہا ہے جس میں داخلہ پالیسی کی منظوری دی جائے گی جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی نے "ایکسپریس" کو بتایا کہ اگر اکیڈمک کونسل بی ایس پروگرام کو پرانے ماڈل پر ہی جاری رکھنے کی منظوری دیتی ہے تو جامعہ کراچی میں 22 نومبر سے داخلے شروع ہوجائیں گے۔

وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ آئندہ تعلیمی سال کے لیے ماسٹرز پروگرام میں داخلے نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ایچ ای سی کی جانب سے ماسٹرز پروگرام کو مزید تسلیم نہ کرنے کے بعد اسے ختم کیا جارہا ہے۔

ایک سوال پر وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ ماسٹرز پروگرام بند ہونے کے بعد جامعہ کراچی کی اکثریتی فیکلٹیز کی یہ رائے ہے کہ کالج سے دو سالہ گریجویشن(بی اے ، بی ایس سی اور بی کام) کرنے والے طلبہ کو جامعہ کراچی بی ایس کے تیسرے سال میں داخلہ دے گی اور مزید دو سال پڑھنے کے بعد ایسے طلبہ کو بی ایس کی سند دی جائے گی تاہم وہ بی ایس سال سوئم میں داخلے کی صورت میں اپنی گریجویشن کی ڈگری سے دستبردار surrender ہونگے ان طلبہ کے کورسز کا جائزہ لیا جائے گا اور زیرو سیمسٹر کی پالیسی کے تحت وہ بی ایس تھرڈ ایئر یا پانچویں سیمسٹر کے لیے deficiency courses کریں گے۔

وائس چانسلر کا یہ بھی کہنا تھا کہ جامعہ کراچی کے مختلف شعبوں میں جاری دو سالہ بی ایس پاس اور چار سالہ ماسٹرز اب بالترتیب ایسوسی ایٹ ڈگری اور بی ایس چار سال میں تبدیل ہوجائے گا۔

واضح رہے کہ اس سلسلے میں اکیڈمک کونسل کی بنائی گئی کمیٹی نے بھی ایک رپورٹ وائس چانسلر کو جمع کرائی ہے جسے ایچ ای سی کی نئی انڈر گریجویٹ پالیسی کے ضمن میں تیار کیا گیا ہے تاہم خیال کیا جارہا ہے کہ چونکہ ایچ ای سی نے خود اس پالیسی کو اختیار کرنے کے لیے آئندہ برس جولائی تک کی مہلت دے رکھی ہے جبکہ بھوربن میں منعقدہ ملک بھر کے وائس چانسلرز کے اجلاس میں واضح طور پر ایچ ای سی کی نئی انڈر گریجویٹ پالیسی کو مسترد کیا جاچکا ہے جس کے بعد ایچ ای سی حکام نے وائس چانسلرز کو اس پالیسی کو از سر نو غور کے لیے کمیشن میں پیش کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

مقبول خبریں