آسٹریلیا میں وزیر صحت کی نیوز کانفرنس میں مکڑی نے خلل ڈال دیا

ویب ڈیسک  اتوار 19 دسمبر 2021
دائیں ہاتھ پر وزیر صحت مکڑی کو ہٹاتے ہوئے [فائل-فوٹو]

دائیں ہاتھ پر وزیر صحت مکڑی کو ہٹاتے ہوئے [فائل-فوٹو]

کوئینز لینڈ: آسٹریلیا کی وزیر صحت یوویٹ ڈی ایتھ کوروناوائرس سے متعلق نیوز کانفرنس سے خطاب کررہی تھیں جب ایک بڑی مکڑی ان کے پاؤں پر چلنے لگی اور ان کی توجہ اس جانب مبذول کروائی گئی۔

یوویٹ کورونا ویکسین کی نئی پالیسیوں پر کاروباری اداروں سے تعاون کی اپیل کررہی تھیں جب پاس میں موجود ایک شخص نے ان کے پاؤں پر چل رہی بڑی مکڑی کی جانب ان  کی توجہ مبذول کروائی۔

وزیر صحت کے ساتھ کھڑے اشاروں کی زبان میں بات کرنے والا نمائندہ بھی مکڑی کو دیکھ کر پیچھے ہٹ گیا۔ یوویٹ نے پاس موجود حکام سے کہا کہ کوئی اسے میرے پاس سے ہٹائے گا۔ چیف ہیلتھ آفیسر جان جیرارڈ نے مکڑی کو کاغذات سے بھگانے کی کوشش کی لیکن مکڑی نظروں سے اوجھل ہوگئی۔

یوویٹ نے سامعین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ دیکھ سکتے کہ اس موقع پر بھی میں نے خود پر قابو پایا ہوا ہے۔ تاہم اگر مکڑی میرے چہرے کے قریب آنے لگے تو مجھے بتادیا جائے۔ وزیر صحت نے اپنی نیوز کانفرنس کو جاری رکھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔