مسلم لیگ ن نے منی بجٹ ناکام کرنے کے لیے منصوبہ تیار کرلیا

ویب ڈیسک  پير 27 دسمبر 2021
مسلم لیگ ن کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ہوا۔ فائل فوٹو

مسلم لیگ ن کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ہوا۔ فائل فوٹو

 اسلام آباد: اپوزیشن نے حکومت کے منی بجٹ کو بلڈوز کرنے کیلئے پلان تیار کرتے کہا ہے کہ عوام مہنگائی میں پس رہے ہیں، یہ آئی ایم ایف کا منی بجٹ ہے جس کا پاکستانی عوام سے کوئی تعلق نہیں۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ منی بجٹ میں 500 ارب کے ٹیکس لگائے جا رہے ہیں پارلیمان میں بحث نہ ہوئی تو سخت احتجاج ہوگا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی کمیٹی کا شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا۔ جس میں منی بجٹ، فنانس بل اور اسٹیٹ بینک کی خودمختاری سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں منی بجٹ کے حوالے سے پارٹی حکمت عملی طے کی گئی۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی اور مریم اورنگزیب کا کہنا تھا حکومت منی بجٹ میں 500 ارب کے ٹیکس لگانے جا رہی ہے جس  سے ہر پاکستانی متاثر ہوگا، منی بجٹ پر پارلیمان میں بحث نہ ہوئی تو سخت احتجاج ہوگا۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا حکومت جو منی بجٹ لا رہی ہے وہ مہنگائی کا سونامی لیکر آئے گا، منی بجٹ مہنگائی میں مزید اضافے کا سبب بنے گا، منی بجٹ کو بلڈوز کرنے کے لیے اپوزیشن نے مکمل پلان تیار کرلیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں شاہد خاقان عباسی نے ازراہ تفنن کہا کہ آج میری سالگرہ ہے لیکن کیک نہیں کاٹا کیونکہ کیک کوئی نہیں لایا۔ آصف زرداری کے اسلام آباد میں قیام اور اہم ملاقاتوں سے متعلق شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اللہ ان کی ملاقاتوں میں برکت ڈالے اور کہا کہ اللہ ہم سب کی ملاقاتوں میں برکت ڈالیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔