بلائنڈ کرکٹ بھارت پر پاکستانی بالادستی پہلا ون ڈے جیت لیا

انیس جاوید کے شاندار 163 رنز، ظفر نروس نائنٹیز کا شکار، دوسرا میچ کل ہوگا


Sports Reporter February 20, 2014
انیس جاوید کے شاندار 163 رنز، ظفر نروس نائنٹیز کا شکار، دوسرا میچ کل ہوگا۔ فوٹو: فائل

بلائنڈ کرکٹ سیریز میں پاکستان نے بھارت پر بالادستی برقرار رکھتے ہوئے پہلا ون ڈے بھی اپنے نام کرلیا، انیس جاوید کے163 رنز کی بدولت ٹیم نے 3 وکٹ سے فتح پائی۔

اس طرح 3 میچز کی سیریز میں1-0 کی برتری مل گئی، مہمان ٹیم کے 2 کھلاڑیوں نے بھی سنچریاں اسکور کیں، پاکستان کے ظفر نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے، بھارت سے ملنے والا418 رنز کا ہدف پاکستان نے39 ویں اوور ہی میں حاصل کرلیا،دوسرا میچ جمعے کو نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائیگا، تفصیلات کے مطابق سائوتھ اینڈ کلب گرائونڈ پر بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 418رنز جوڑے، کیتن پٹیل نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے67 گیندوں پر126 رنز کی اننگز کھیلی،بعد ازاں ہتیش نے بھی 77 گیندوں پر109 رنز اسکور کر دیے، ہارون نے2 بیٹسمینوں کو ٹھکانے لگایا۔

جواب میں پاکستان نے ایک اوور قبل ہی ہدف عبور کرلیا، انیس جاوید اور محمد ظفر نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 213 رنز بناکرفتح کی بنیاد رکھی، ظفر 233رنز کے مجموعی اسکور پر90 رنز بنانے کے بعد فیلڈر وینکٹیش کے ہاتھوں رن آئوٹ ہوئے،دوسری جانب انیس جاوید نے دھواں دار بیٹنگ جاری رکھی، انھوں نے 91گیندوں پر163 رنز بنائے، بعدازاںآنے والے نثارعلی نے ایک اوور میں مسلسل 5 چوکے رسید کرتے ہوئے پاکستان کو فتح سے ہمکنارکرا دیا، انھوں نے47گیندوں کاسامنا کرتے ہوئے 74 رنز اسکور کیے، انیس جاوید مین آف دی میچ رہے،قبل ازیں سیریز کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی تھے، میچ کے اختتام پر ورلڈ بلائنڈ کونسل کے صدر سلطان شاہ، ڈی ایم سی سائوتھ کے ایڈمنسٹریٹر افضل زیدی اور بریگیڈیئرمنور نیازی نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلزمیں انعامات تقسیم کیے۔

مقبول خبریں