عمران خان کی آئندہ الیکشن تک عوام کو اسلام آباد میں دھرنے کی ہدایت

ویب ڈیسک  پير 25 اپريل 2022
عمران خان کا پی ٹی آئی کے 26 ویں یوم تاسیس پر خصوصی پیغام

عمران خان کا پی ٹی آئی کے 26 ویں یوم تاسیس پر خصوصی پیغام

اسلام آباد: سابق وزیر اعظم عمران خان نے قوم کو آئندہ الیکشن کے اعلان تک اسلام آباد میں دھرنا دینے کیلئے تیار رہنے کا پیغام دے دیا۔

ان خیالات کا اظہار چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے پی ٹی آئی کے یوم تاسیس پر جاری خصوصی ویڈیو پیغام میں کیا، جس میں انہوں نے پی ٹی آئی کارکنان کو 26 ویں سالگرہ کی مبارک باد پیش کی۔

عمران خان کا ویڈیو پیغام سابق وزیر مواصلات مراد سعید نے ٹوئٹر پر شیئر کیا، جس میں سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پارٹی بنانے کا مقصد اسلامی فلاحی ریاست کے مطابق نیا پاکستان بنانا ہے، ہماری پارٹی کے 3 اہم اصول ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پہلا اصول: خوددار پاکستان جو کسی کی غلامی نہ کرے اور ہرے پاسپورٹ کی عزت ہو، دوسرا فلاحی ریاست اور تیسرا قانون کی بالادستی کیوں کہ قانون کی بالادستی کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا۔

ویڈیو پیغام میں سابق وزیراعظم عمران خان نے کارکنوں اور قوم کو مخاطب کرکے کہا کہ وہ چند ہفتوں میں اسلام آباد آنے کی کال دیں گے اور جب تک الیکشن کا اعلان نہیں ہوتا سب نے اسلام آباد میں بیٹھنا ہے۔

عمران خان نے واضح کیا کہ کئی برس کی جدوجہد کے بعد 2018 میں حکومت ملی تو ہم نے کوشش کی قانون کی بالادستی ہو، طاقتور قانون کے نیچے آئے اور این آر او کسی کو نہ دیا جائے ساتھ ہی پی ٹی آئی حکومت نے کمزوروں کیلئے اقدامات اٹھائے اور ہیلتھ کارڈ متعارف کروایا جس کا غریب ممالک میں تصور بھی نہیں ہے۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کا اجلاس منعقد ہوا جس میں عمران خان نے اسلام آباد مارچ کی تیاریوں کیلئے پشاور، لاہور اور ملتان کے دوروں کا اعلان کیا۔

اجلاس کے دوران الیکشن کمیشن کے خلاف احتجاج کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور فارن فنڈنگ کیس سے متعلق ہائیکورٹ کے فیصلے پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔