پولیس افسر کو ہتھکڑی لگاکر عدالت میں پیش کرنے کا حکم

تحریری طور پر یقین دلانے کے باوجود پولیس افسر عدالت میں پیش نہیں ہوئے


Staff Reporter September 13, 2012
عدالت نے اسلحہ رکھنے کے الزام میں لیاری ٹائون کے سابق یوسی ناظم شاہجہاں اور ڈکیتی کے 2ملزمان کو ضمانت پر رہا کردیا۔ فوٹو: فائل

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی طارق محمود کھوسو نے وکیل محمد حنیف سما ایڈووکیٹ کی شکایت پر تھانہ فیروز آباد کے سب انسپکٹر ارشد محمود کو گرفتار کرکے ہتھکڑی لگاکر عدالت میں پیش کرنے کیلیے ایس ایچ او تھانہ فیروز آباد کو حکم دیدیا ہے۔

بدھ کو اقدام قتل، پولیس مقابلہ کے الزام میں دو برس سے پابند سلاسل قیدی فیضان علی خان کے مقدمے کی سماعت کے موقع پر وکیل صفائی نے عدالت کو بتایا کہ استغاثہ کے تمام گواہوں کے بیانات قلمبند ہوچکے ہیں، فاضل عدالت نے مقدمے کے تفتیشی افسر کو متعدد بار طلب کیا تھا، گذشتہ تاریخ کو پولیس افسر عدالت میں پیش ہوئے تاہم اس نے اپنی بیماری کا بہانہ کیا تھا اور فاضل عدالت سے دو روز کی مہلت مانگی تھی اور تحریری طور پر عدالت میں پیش ہونے کا یقین دلایا تھا تاہم تحریری طور پر یقین دلانے کے باوجود پولیس افسر عدالت میں پیش نہیں ہوئے، ان کا موکل2برس سے جیل میں قید ہے۔

وکیل صفائی نے پولیس افسر کے خلاف عدالتی کارروائی کرنے کی استدعا کی تھی، علاوہ ازیں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی شاہد حسین چانڈیو نے بھاری تعداد میں اسلحہ رکھنے کے الزام میں گرفتار لیاری ٹائون کے سابق یو سی ناظم شاہجہاں کو 50ہزار روپے کی ضمانت پر رہا کردیا ہے، قبل ازیں وکیل صفائی نے عدالت کو اپنے دلائل میںبتایا تھا کہ سی آئی ڈی نے 27اپریل 2012 کو شاہجہاں کی گرفتاری ظاہر کی تھی اور گرفتاری سے متعلق نجی ٹی وی چینلز کی سی ڈیز بھی عدالت میں پیش کی تھی اور انکشاف کیاکہ پولیس نے ایف آئی آر میں28اپریل کو مقابلے اور بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ اصل حقائق یہ ہیں کہ اس کے موکل کو سیاسی بنیاد پر جمعہ کی نماز کی ادائیگی کے بعد پولیس نے گرفتار کیا تھا۔

ایک روز بعد اسے پولیس مقابلہ اور دیگر مقدمات میں ملوث کیا،عدالتیںدو سے زاید مقدمات میں پہلے ہی ضمانت منظور کرچکی ہیں، جھوٹا مقدمہ ہے اور کوئی شواہد نہیں جبکہ پبلک پراسیکیوٹر فیض عاصم سولنگی نے شدید مخالفت کی تھی، استغاثہ کے مطابق سی آئی ڈی نے مقابلے کے بعد شاہجہاں، عدیل، زاہد ، شاہد رضوان ، شہزاد ، ریاض ، عبدالعزیز اور آصف کو گرفتار کرکے شاہجہاں کی نشاندہی پر لاکٹ لانچر ، پانچ دستی بم ، ایل ایم جی ، کلاشنکوف اور پانچ سو سے زائدگولیاں برآمدکرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

دریں اثنا ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی جلال الدین سومرو نے ڈکیتی کے الزام میں گرفتار اویس رضا اور محمد وقاص کو مدعی سعید خان کی جانب سے اعتراض نہ کرنے پر ضمانت پر رہا کردیا ہے، ملزمان کے وکیل محمد حنیف سما نے ملزمان کی جانب سے ضمانت کی درخواست دائر کی تھی، بدھ کو عدالت نے مدعی مقدمہ کو عدالت میں طلب کیا تھا، سماعت کے موقع پر مدعی نے عدالت کو بتایا کہ وہ دل کا مریض ہے اور عدالت میں پیش نہیں ہوسکتا۔

مقبول خبریں