عوام کو فیصلہ کرنا ہے کہ ترقی دینے والے نوازشریف کو منتخب کرنا ہے یا یوٹرن ماسٹر، وزیراعظم

ویب ڈیسک  اتوار 29 مئ 2022
میں عمران نیازی کو گالیوں کا جواب تمام طالبعلموں کو لیپ ٹاپ دے کر دوں گا، وزیراعظم ۔ فوٹو:فائل

میں عمران نیازی کو گالیوں کا جواب تمام طالبعلموں کو لیپ ٹاپ دے کر دوں گا، وزیراعظم ۔ فوٹو:فائل

مانسہرہ: وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ عوام کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ انہوں نے ترقی دینے والا نوازشریف اور مجھے منتخب کرنا ہے یا یوٹرن ماسٹر۔

مانسہرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ہزارہ کے لوگ روز موٹروے سے گزرتے ہیں تو نوازشریف کو یاد کرتے ہیں، آج میں  بھی اسی گزرگاہ سے گزرا تو میں نے کہا واقعی نوازشریف اس ملک کا معمار ہے، ملتان سکھر موٹروے 2016 نوازشریف نے شروع کی اور اسے اپنے ہی دور میں مکمل کیا، یہ وہ منصوبے ہیں جو سی پیک کے تحت بنائے گئے، مجھے موٹروے دیکھ کر احساس ہوا کہ نوازشریف نے پاکستان کو ترقی اور خوشحالی سے ہمکنار کرنے کے لئے کتنی محنت کی۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ اللہ نے موقع دیا تو میں کے پی کو پنجاب بناکر چھوڑوں گا، لیکن مجھے آپ کا ساتھ چاہئے، آپ کو فیصلہ کرنا ہے کہ جو ایسا شخص جو انا پرست اور جھوٹا ہے، اس کے دور میں مہنگائی اآسمان سے بات کرتی رہی، یوٹرن پر یوٹرن لیتا رہا، ایک کروڑ نوکریاں دینے کے بجائے لاکھوں لوگوں کو بے روز گار کردیا، جس نے 50 لاکھ گھر دینے کے  بجائے ہزاروں خاندانوں کو بے گھر کردیا، عوام کو فیصلہ کرنا ہے کہ انہوں نے ترقی دینے والے نوازشریف اور مجھے منتخب کرنا ہے یا یوٹرن ماسٹر کو۔

وزیراعظم نے کہا کہ ابھی تیل اور پیٹرول کی قیمتیں مجبوری سے دل پر پتھر رکھ کر بڑھانی پڑی، لیکن ساتھ ہی ہم نے ڈیڑھ کروڑ گھرانوں کو سبسڈی کا بھی اعلان کیا، یہ سب عمران نیازی کی وجہ سے ہوا جس نے جاتے ہوئے یہ جال بچھایا، مہنگائی اور  بے روزگاری کو عام کیا، ترقیاتی منصوبوں کے بجائے مخالفیں کو دیوار سے لگاتا رہا، میں نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر 10 کلو آٹے کا تھیلا 400 روپے کا کردیا ہے، میں نے دو ہفتے پہلے کہا تھا کہ اگر کے پی حکومت آٹے کی قیمت کم کرتی ہے تو ٹھیک ورنہ میں خود کے پی میں بھی آٹے کی قیمت یہی رکھوں گا، میں وزیراعلیٰ کے پی سے ایک بار پھر اور آخری بار درخواست کرتا ہوں کہ صوبے میں آٹے کو سستا کیا جائے، ورنہ میں خود اپنے کپڑے بیچ کر یہاں آٹا سستا کروں گا۔

مزید پڑھیں: انقلاب پیراشوٹ، ہیلی کاپٹر اور سرکاری گاڑیوں سے نہیں آتا، مریم نواز

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ اللہ نے کہا ہے کہ صبح نماز کے بعد رزق کے لئے نکلو اور رزق تلاش کرو، میں دن رات محنت کروں گا، میں یہاں میڈیکل کالج کا اعلان کررہا ہوں، ایک ارب روپے کا بھی اعلان کرتا ہوں تاکہ آپ کے مسائل حل ہوں، یہاں بجلی کا بہت بڑا مسئلہ ہے میں ہزارہ کی اپنی الیکٹرک کمپنی کا اعلان کرتا ہوں تاکہ یہاں بجلی ان کی اپنی ہو اور ان کے بجلی کے مسائل حل ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات ہورہے ہیں، 30 سے 35 فیصد ووٹرز کا ٹرن آؤٹ ہونا بلوچستان کی تاریخ میں ایک خوش آئند خبر ہے، اس سے ثابت ہوا کہ وہاں اور ملک میں سیکیورٹی کا نظام بہترین ہورہا ہے، میں سب کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ عمران نیازی جو مجھے گالیاں دیتا ہے میں تمام طالبعلموں کو لیپ ٹاپ دے کر جواب دوں گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔