پاکستان اور کالعدم ٹی پی پی کا جنگ بندی میں غیرمعینہ مدت تک توسیع پر اتفاق

جنگ بندی میں توسیع طالبان حکومت کے وزیراعظم ملا حسن اخوند زادہ کی خواہش پر کی گئی


ویب ڈیسک May 31, 2022
قبل ازیں 30 مئی تک کے جنگ بندی کی گئی تھی جس کی میعاد کل ختم ہوگئی، فوٹو: فائل

LOS ANGELES: حکومت پاکستان اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے درمیان کابل میں ہونے والے مذاکرات میں غیر معینہ مدت تک جنگ بندی پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔

ڈان ڈاٹ کام کے مطابق کابل میں ہونے والے مذاکرات کے دوسرے دور میں حکومت پاکستان اور ٹی پی پی کے درمیان بات چیت کے عمل کو جاری رکھنے اور جنگ بندی میں غیر معینہ مدت تک توسیع اور بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

جنگ بندی میں غیر معینہ مدت تک توسیع سے ثابت ہوتا ہے کہ حکومت پاکستان اور ٹی ٹی پی کے درمیان مذاکرات میں مثبت پیش رفت جاری ہے جب کہ اس سے قبل ایک موقع پر مذاکرات تعطل کا شکار بھی ہوگئے تھے۔

ذرائع نے ڈان ڈاٹ کام کو یہ بھی بتایا کہ پاکستان اور ٹی ٹی پی کی مذاکراتی ٹیم نے افغانستان میں طالبان حکومت کے وزیراعظم ملا حسن اخوند زادہ سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی تھی جس کے بعد غیر معینہ مدت تک جنگ بندی میں توسیع کی گئی۔

یہ خبر پڑھیں : پاکستان اور کالعدم ٹی ٹی پی کے درمیان 30 مئی تک عارضی جنگ بندی پر اتفاق

طالبان حکومت کے وزیراعظم ملا حسن اخوند زادہ نے ان ملاقاتوں میں فریقین سے اپنی اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ وہ غیر معینہ مدت تک جنگ بندی اور تنازع کے حل تک بات چیت جاری رہنے کی خواہش رکھتے ہیں۔

اس ملاقات کے لیے طالبان حکومت کے وزیر داخلہ سراج الدین حقانی نے بھی اہم کردار ادا کیا۔

خیال رہے کہ 18 مئی کو پاکستان اور کالعدم تحریک طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں 30 مئی تک عارضی جنگ بندی پر اتفاق کیا گیا تھا جس کی میعاد ختم ہونے پر اب جنگ بندی میں غیر معینہ مدت تک توسیع کردی گئی ہے۔

تاحال حکومت پاکستان اور ٹی ٹی پی نے غیر معینہ مدت تک جنگ بندی میں توسیع کی تصدیق نہیں کی ہے تاہم ڈان ڈاٹ کام نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے ذرائع نے حقائق جاننے کے بعد تصدیق کی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے