پاکستان سری لنکن طوفان کا رُخ موڑنے کی تدبیریں سوچنے لگا

لیگ میچ میں ناکامی کے سبب ٹیم مینجمنٹ ایک اور کاری وار سے محتاط،حکمت عملی کی تیاری پر کام شروع کردیا


Sports Desk March 06, 2014
بنگلہ دیش کو ہرانے کے بعد آرام، آج پریکٹس ہوگی، مقابلے کیلیے مکمل تیار ہیں، حریف کوشکست دے کرٹرافی کا کامیاب دفاع کرنے کی کوشش کرینگے،مصباح۔ فوٹو: فائل

ایشیا کپ کا افتتاحی میچ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا گیا تھا اب ہفتے کو آخری مقابلہ بھی انہی دونوں ٹیموں کے درمیان ہوگا۔

گرین شرٹس فائنل میں سری لنکن طوفان کا رخ موڑنے کی تدبیریں سوچنے لگے ہیں، لیگ میچ میں ناکامی کے سبب ٹیم مینجمنٹ ایک اور کاری وارسے محتاط ہے، حکمت عملی کی تیاری پرکام شروع کردیا گیا، بنگلہ دیش کو ہرانے کے بعد گزشتہ روز اسکواڈ نے آرام کیا، جمعرات کو پریکٹس سیشن شیڈول ہے، کپتان مصباح الحق کے مطابق مقابلے کیلیے مکمل تیار ہیں، حریف کوشکست دے کرٹرافی کا کامیاب دفاع کرنے کی کوشش کرینگے۔ تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ میں پاکستان کو پہلے میچ میں آئی لینڈرز نے شکست دی مگر اس کے بعد گرین شرٹس نے افغانستان، بھارت اور بنگلہ دیش کیخلاف اگلے تینوں میچز جیت کر فیصلہ کن معرکے میں جگہ بنا لی، ہفتے کو شیڈول میچ میں سخت چیلنج سے نمٹنے کیلیے حکمت عملی کی تیاری پر کام شروع کر دیا گیا، ٹیم مینجمنٹ حریف کی جانب سے ایک اور کاری وار کے خطرے کی وجہ سے خاصی محتاط ہے، میزبان کیخلاف فتح کے بعد بدھ کو پلیئرز نے آرام کیا، جمعرات کے دن پریکٹس سیشن شیڈول ہے۔

فیصلہ کن معرکے کے حوالے سے کپتان مصباح الحق نے کہا کہ ہم سری لنکا سے مقابلے کیلیے پوری طرح تیار ہیں،انھیں شکست دے کر ٹرافی کا کامیاب دفاع کرنے کی کوشش کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ڈریسنگ روم میں سابق کپتان ظہیر عباس اور معین خان کی موجودگی سے کافی اچھا اثر پڑا، دونوں کا تجربہ کافی کارآمد ثابت ہورہا ہے۔ منگل کو بنگلہ دیش کیخلاف میچ میں ٹیم کی فتح میں شاہد آفریدی نے اہم کردار ادا کیا تھا، جب وہ بیٹنگ کیلیے وکٹ پر آئے تو پاکستان کو فتح کیلیے 52 بالز پر102 رنز درکار تھے، انھوں نے 25 گیندوں پر 59 رنز اسکور کرکے ٹیم کا کام آسان کردیا، یہ دھواں دار اننگز7 فلک بوس چھکوں سے مزین تھی،آفریدی سے قبل حیران کن طور پر بیٹنگ کیلیے عبدالرحمان کو میدان میں اتارا گیا اور پھر عمر اکمل سے پہلے آل رائونڈرکو بھیجا گیا، کپتان مصباح الحق نے کہا کہ ہم نے بیٹنگ آرڈر میں یہ ردوبدل صورتحال کو دیکھتے ہوئے کیا، یہ حکمت عملی کافی کامیاب رہی کیونکہ ہم اچھی طرح جانتے تھے کہ اگر آفریدی 20، 25 بالز کھیل لیں تو ففٹی ویسے ہی بن جاتی ہے، ہم نے ان سے کہا تھا کہ کم سے کم 20، 25 بالزضرور کھیلیں، اس سے ہمارا راستہ آسان ہوگیا۔

انھوں نے مزید کہا کہ آفریدی جس انداز میں وہ کھیلے وہ ہمارے لیے ایک مثبت پوائنٹ ہے، وہ اس وقت اچھی فارم میں ہیں جس کا فائدہ نہ صرف ہفتے کو سری لنکا کے خلاف ایشیا کپ کے فائنل میں نہیں بلکہ ورلڈ ٹوئنٹی20 میں بھی ہوگا، وہ پاکستان کے اہم کھلاڑی ہیں، ان کی عمدہ پرفارمنس میگا ایونٹ میں بھی ٹیم کے کام آئے گی، مینجمنٹ نے ورلڈ ٹوئنٹی20 میں آفریدی کیلیے خاص پلاننگ کی ہوئی ہے، ٹی 20 میں انھیں صورتحال کے مطابق مختلف پوزیشنز پر بیٹنگ کیلیے بھیجا جائے گا، وہ پہلے بھی اس کے عادی ہیں، انھیں بیٹنگ آرڈر میں اوپر بھی کھلایا جاسکتا ہے، ٹیم کے آغاز کو دیکھتے ہوئے ان کے نمبرز میں ردوبدل ہوتا رہے گا، وہ پاکستان کیلیے کسی بھی نمبر پر کارآمد ثابت ہوسکتے ہیں، یاد رہے کہ مصباح الحق ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے اسکواڈ میں شامل نہیں، اس طرز میں قیادت محمد حفیظ سنبھالتے ہیں۔ ٹیسٹ اور ون ڈے قائد نے بنگلہ دیش سے فتح میں دیگر بیٹسمینوں کی پرفارمنس کو بھی سراہا، انھوں نے کہاکہ احمد شہزاد نے ففٹی کے بعد رنز بنانے کی رفتار تیز کی، اس وقت درکار رن ریٹ 10 سے اوپر جارہا تھا وہ 8 تک آگیا، فواد عالم نے بھی اچھا سپورٹ کیا، آغاز میں محمد حفیظ کی اننگز بھی کافی اہم ثابت ہوئی، عمر اکمل نے عمدگی سے فنش کیا، تمام بیٹسمینوں نے فتح میں اپنا حصہ ڈالا۔

مقبول خبریں