سعودی شہری کو خطرناک انداز میں گاڑی چلانے پر ایک ہزار کوڑے اور 10 سال قید کی سزا

ملزم اب زندگی بھر سعودی عرب میں کسی قسم کی گاڑی بھی نہیں چلاسکے گا، عدالتی فیصلہ


ویب ڈیسک March 12, 2014
ملزم کی خطرناک ڈرائیونگ سے اس کا ایک ساتھی ہلاک بھی ہوچکا ہے۔ فوٹو: فائل

سعودی عدالت نے ایک مقامی نوجوان کو سڑک پر خطرناک انداز میں گاڑی چلانے اور خطرناک کرتبوں سے ایک دوست کی جان لینے پر ایک ہزار کوڑے اور 10 سال قید کی سزا سنادی ہے۔

عرب ویب سائیٹ کی رپورٹ کے مطابق دوستوں میں ''شاہ نظیم'' کے نام سے مشہور 23 سالہ نوجوان کو مقامی افراد کی شکایت پر دارالحکومت ریاض کے نواحی علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا ۔ مقامی حکام نے اس کے گھر سے گاڑیوں کے سامان اور جعلی نمبر پلیٹوں کے علاوہ جعلی شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات بھی برآمد کیں۔ 23 سالہ نوجوان نے اپنی خطرناک ڈرائیونگ کی وڈیوز سماجی ویب سایٹس پر بھی اپ لوڈ کررکھی تھیں جس میں سے ایک میں دکھایا گیا کہ وہ ایک مصروف شاہراہ پر خطرناک انداز میں گاڑی چلارہا ہے اور اس کے ساتھی فائرنگ کررہے ہیں۔

عدالت میں سماعت کے دوران استغاثہ نے موقف اختیار کیا کہ اس کے کرتب سے اس کے ایک ساتھی کی موت بھی ہوچکی ہے اس لئے اسے سزائے موت سنائی جائے تاہم عدالت نے ملزم کو 10 سال قید اور ایک ہزار کوڑے کی سزا سنائی جب کہ عدالت نے اپنے فیصلے میں قراردیا کہ مذکورہ شخص اب عمر بھر ملک میں گاڑی بھی نہیں چلاسکے گا۔

مقبول خبریں