امریکا میں 100 کے قریب درختوں کی اقسام معدومیت کا شکار

تحقیق کے مطابق امریکا کی 48 ریاستوں میں 100 کےقریب مقامی درختوں کی اقسام معدومیت کے خطرے سے دوچار ہیں


ویب ڈیسک August 26, 2022
فلوریڈا میں 45 اور کیلیفورنیا میں 44 اقسام کےدرختوں کو خطرہ لاحق ہے

ایک نئی رپورٹ کےمطابق امریکا میں درجنوں اقسام کے درخت حملہ آور کیڑوں اور موسمیاتی تغیر کے سبب ہونے والی خوشک سالی، آتشزدگی اور شدید موسم کی وجہ سے معدومیت کے خطرے سے دوچار ہیں۔

پلانٹس پیپل پلینٹ نامی جرنل میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق امریکا کی48 ریاستوں میں 100 کےقریب مقامی درختوں کی اقسام معدومیت کے خطرے سے دوچار ہیں۔ ان درختوں میں بلوط کی 17 اقسام، شہفنی کی 29 اقسام، تاڑ، امریکی شاہ بلوط، بلیک ایش اور سفید چھال والے پائن کے درخت شامل ہیں۔

تحقیق میں محققین کو معلوم ہوا کہ معائنہ کی گئی 881 درختوں کی اقسام میں سے 11 فی صد سے 16 فی صد کے درمیان اقسام معدومیت کے خطرے سے دوچار ہیں۔ فلوریڈا میں 45 اور کیلیفورنیا میں 44 اقسام کے درختوں کو خطرہ لاحق ہے۔ دیگر ریاستوں کے مقابلے میں ان ریاستوں میں درختوں کی اقسام کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔

پانچ سال سے زیادہ عرصے تک جاری رہنے والی تحقیق میں محققین کو معلوم ہوا کہ متعدد درختوں کی صحت کے معائنے پرانے ہوچکے تھے اور کئی درختوں کی اقسام کا امریکا میں مطالعہ ہی نہیں کیا گیا تھا۔

تحقیق کے سربراہ مصنف مرفی ویسٹ ووڈ کا کہنا تھا کہ اس تباہی کو محسوس کرنا آسان ہے کیوں کہ اس بحران کا دائرہ بہت بڑا ہے۔ ہم درختوں کی اقسام کو ان کو مطالعہ کرنے سے پہلے کھو رہے ہیں۔

مقبول خبریں