کراچی پولیس نے گرفتار افغانیوں کو ملک بدر کرنے کے لیے خط لکھ دیا

ویب ڈیسک  جمعرات 15 ستمبر 2022
فوٹو فائل

فوٹو فائل

 کراچی: سہراب گوٹھ پولیس نے غیرقانونی طور پر مقیم افغانی باشندوں کو ملک بدر کرنے کےلیے ایس ایس پی سے سفارش کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈی ایس پی سہراب گوٹھ نے غیر قانونی طور پر مقیم افغانی باشندوں کو ڈی پورٹ کرنے کی سفارش کرتے ہوئے ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ایسٹ کو خط ارسال کر دیا۔

ڈی ایس پی سہراب گوٹھ سہیل فیض کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ افغان باشندوں کی بڑی تعداد روزآنہ کی بیناد پر کراچی آکر سہراب گوٹھ سمیت ملحقہ علاقوں میں غیر قانونی طور پر مقیم ہو رہی ہے جبکہ غیر قانونی طور پر مقیم یہ افغان باشندے زمینوں پر قبضے ، منشیات فروشی ، کلنگز اور اسٹریٹ کرائمز سمیت دیگر جرائم میں ملوث ہیں۔

ڈی ایس پی کے مطابق گزشتہ رات پولیس نے سہراب گوٹھ سمیت ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران غیر قانونی طور پر مقیم 26 افغان باشندوں کو گرفتار کر کے سہراب گوٹھ تھانے میں ان کے خلاف فارن ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے ہیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ جس طرح ماضی میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد ڈی پورٹ کیے جاتے رہے ہیں اسی طرح سے اعلیٰ حکام سے درخواست کی جائے کہ گرفتار افغان باشندوں کو بھی ڈی پورٹ کیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔