ہندوؤں کا مقدس’’سبزی خور‘‘مگرمچھ مردہ حالت میں پایا گیا

ویب ڈیسک  پير 10 اکتوبر 2022
مگرمچھ دو روز سے پرساد کھانے بھی نہیں آیا تھا، فوٹو: بھارتی میڈیا

مگرمچھ دو روز سے پرساد کھانے بھی نہیں آیا تھا، فوٹو: بھارتی میڈیا

منگلورو: بھارتی ریاست کیرالہ کی ایک جھیل کے عین درمیان بنائے گئے اننتپدمنابھا سوامی مندر میں پرساد پر زندہ رہنے والا سبزی خور مگرمچھ  مردہ حالت میں پایا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کیرالہ کے علاقے آننت تھپورا کی کاسرگوڈ جھیل میں ہندوؤں کے لیے مقدس مگر مچھ مردہ حالت میں پایا گیا۔ یہ مگر مچھ 75 سال سے اسی مندر کی جھیل میں رہ رہا تھا اور گوشت کے بجائے پرساد کے لیے آنے والی سبزیاں اور پھل کھایا کرتا تھا۔

اسی بنیاد پر مندر میں آنے والے یاتری اس مگر مچھ کو بابیہ کے نام سے پکارا کرتے تھے اور دن میں دو بار پرساد پیش کیا کرتے تھے۔ اس مگر مچھ کے بارے میں یہ کہانی بھی مشہور ہے کہ 1945 میں اس جھیل میں برطانوی فوج نے ایک مگر مچھ کو گولی مار دی تھی جس کے بعد بابیہ مگرمچھ نمودار ہوا تھا۔

https://twitter.com/Girishvhp/status/1579298071707799552?s=20&t=UN4Of2ICVKVR4yvKN4IYoQ

مندر کے ٹرسٹی ادے کمار آر گیٹی نے بتایا کہ اس مگرمچھ کی طبیعت پچھلے کچھ دنوں سے ٹھیک نہیں تھی جس پر منگلورو کے پیلیکولہ بائیولوجیکل پارک کے ویٹرنری سرجنوں کو بھی دکھایا تھا تاہم افاقہ نہ ہوا اور گزشتہ دو روز سے بابیہ پرساد کھانے بھی نہیں آیا تھا ہم نے کافی ڈھونڈا لیکن کہیں مل سکا اور اب اس کی لاش ملی ہے۔

مگرمچھ  بابیہ کو مندر کے میدان میں دفن کیا جائے گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔