کراچی کے مختلف علاقوں سے دو خواتین سمیت 8 افراد کی لاشیں برآمد

راحیل سلمان  اتوار 23 اکتوبر 2022
فوٹو فائل

فوٹو فائل

 کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں سے آٹھ افراد کی لاشیں ملیں، جن میں سے پانچ لاشوں کی شناخت نہیں ہوسکی تاہم پولیس نے تمام کی اموات کو طبعی قرار دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کو شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں اور گھروں سے آٹھ افراد کی لاشیں ملیں ، نارتھ ناظم آباد میں ڈی سی آفس کے قریب نالے کے اندر سے خاتون کی لاش ملی ، لاش کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ موقع پر موجود افراد سے حاصل شدہ معلومات کے مطابق خاتون گداگر ہے جسے علاقے میں ہی کئی مرتبہ دیکھا گیا ہے، اس کے سر پر چوٹ کا نشان ہے جوکہ ممکنہ طور پر نالے میں گرنے سے لگ گئی ہوگی تاہم اس کے قبضے سے ایسی کوئی چیز برآمد نہیں ہوئی جس سے اس کی شناخت میں مدد مل سکے ، اس کی عمر پینسٹھ سے ستر برس کے درمیان معلوم ہوتی ہے ، پولیس نے لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد سرد خانے منتقل کردیا۔

علاوہ ازیں ڈرگ روڈ کے علاقے میں ریلوے اسٹاپ کے قریب سڑک سے ایک شخص کی لاش ملی جسے فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا ، پولیس حکام کے مطابق مرنے والے کی شناخت راجہ سہیل ولد راجہ جاوید کے نام سے ہوئی جس کی عمر چالیس سے پینتالیس برس کے درمیان تھی ، پیشے کے اعتبار سے راجہ سہیل مزدور تھا اور کراچی میں روزگار کی غرض سے آیا ہوا تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق متوفی پیدل جارہا تھا کہ اچانک گرگیا ، اسپتال میں معائنے کے بعد ڈاکٹروں نے اس کی موت طبعی قرار دی ہے ، مرنے والے کا آبائی تعلق پنجاب سے تھا۔

دریں اثنا بلدیہ ٹاؤن کے سیکٹر انیس ڈی میں ڈاکٹر اشفاق کلینک والی گلی میں گھر کے اندر سے ایک شخص کی لاش ملی، اطلاع ملتے ہی ریسکیو ورکرز موقع پر پہنچ گئے اور لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کیا۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ مرنے والے کی شناخت ہمایوں کے نام سے کی گئی جس کی عمر تقریباً 55 برس ہے، متوفی کے جسم پر کسی قسم کی چوٹ ، تشدد یا فائرنگ کا کوئی نشان نہیں ہے جس سے یوں معلوم ہوتا ہے کہ اس کی موت طبعی طور پر واقع ہوئی ہے۔

دوسری جانب آرام باغ کے علاقے میں گوشت مارکیٹ کے قریب سے بھی ایک شخص کی لاش ملی، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ مرنے والے کی شناخت انس الدین کے نام سے کی گئی ہے جس کی عمر تقریباً ساٹھ برس تھی ، پیشے کے اعتبار سے وہ ڈرائیور تھا جبکہ آج کل وہ رکشا چلا کر اپنی گزر بسر کرتا تھا۔ معائنے کے بعد ڈاکٹروں نے موت کو طبعی قرار دیا ہے ، انس الدین برنس روڈ کا رہائشی تھا۔

اس کے علاوہ صدر کے علاقے زینب مارکیٹ کے قریب بھی ایک شخص کی لاش ملی ، اس کے قبضے سے ایسی کوئی چیز برآمد نہیں ہوئی جس سے اس کی شناخت میں مدد مل سکے ، اس کی عمر کا اندازہ پچاس سے پچپن برس کے قریب لگایا گیا ہے۔ لانڈھی اسپتال چورنگی کے قریب سے پینتالیس سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی جوکہ حلیے سے نشے کا عادی معلوم ہوتا ہے تاہم پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔

علاوہ ازیں ملیر بکرا پیڑی میں سندھی ہوٹل کے قریب سے بھی تیس سالہ شخص کی لاش ملی جس کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی ، سول اسپتال کے قریب سے بھی ایک شخص کی لاش ملی جسے قانونی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا ، مرنے والے کی عمر پینتیس برس معلوم ہوتی ہے تاہم اس کے قبضے سے ایسی کوئی چیز برآمد نہیں ہوئی جس سے اس کی شناخت میں مدد مل سکے، لاش پر کسی قسم کے فائرنگ ، چوٹ یا تشدد کے نشانات نہیں ہیں اور بظاہر موت طبعی طور پر معلوم ہوتی ہے ، پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔