ٹیکس چھوٹ جگہوں سے قابل ٹیکس علاقوں میں اشیا کی ترسیل روکنے کیلیے 16 چیک پوسٹیں قائم

ارشاد انصاری  پير 28 نومبر 2022
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

 اسلام آباد: ایف بی آر نے ٹیکس سے چھوٹ کے حامل علاقوں سے اشیاء کی قابل ٹیکس علاقوں میں ترسیل کی چیکنگ کے لیے سولہ چیک پوسٹیں قائم کردی۔

اس حوالے سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے باضابطہ طور پر نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق خیبرپختونخوا میں ٹیکس سے چھوٹ کے حامل علاقوں سے اشیاء کی ترسیل کے روٹس پر سولہ چیک ہوسٹیں قائم کردی گئی ہیں جہاں موبائل ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں، ان چیک پوسٹوں پر ٹیکس سے چھوٹ کی حامل اشیاء کی ترسیل کے لیے درکار دستاویزات کی چیکنگ کی جائے گی۔

نوٹی فکیشن کے مطابق جو چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں اور ان چیک پوسٹوں میں جو موبائل اسکواڈ اور ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ان کی جیوری ڈکشن کا بھی تعین کیا گیا ہے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق ضلع خیبرپختونخوا کے خارجی راستے پر کارخانوں مارکیٹ چیک پوسٹ قائم کی جائے گی۔ اس چیک پوسٹ پر ایک موبائل اسکواڈ بھی قائم کیا گیا ہے یہ موبائل اسکواڈ یونیورسٹی روڈ، جی ٹی روڈ پشاور خیبرپختونخوا ڈسٹرکٹ سے موٹر وے کے داخلی پوائنٹ تک مانیٹرنگ اور چیکنگ کرے گا۔

دوسری چیک پوسٹ مالاکنڈ ڈویژن سے خارجی راستے پر شیر گڑھ چیک پوسٹ پر قائم کی جائے گی یہاں دو موبائل اسکواڈ قائم کیے جائیں گے جو مالاکنڈ مردان روڈ سے مردان، نوشہرہ روٹس پر موٹر وے کے داخلی پوائنٹ تک چیکنگ و مانیٹرنگ کریں گے۔ تیسری چیک پوسٹ مالاکنڈ ڈویژن کے خارجی راستے پر سوڈیم رستم چیک پوسٹ نے نام سے قائم کی جائے گی یہاں تین موبائل اسکواڈ قائم ہوں گے جو مردان سے بونیر کے درمیان رستم بونیر روڈ پر چیکنگ کریں گے۔

چوتھی چیک پوسٹ باکاخیل (بنوں مران شاہ روڈ) پر قائم ہوگی یہاں چار موبائل اسکواڈ قائم ہوں گے جو میرانم شاہ روڈ پرمیرن شاہ اور بنوں سے انڈس ہائی وے تک کے علاقے کی چیکنگ کریں گے ، پانچویں چیک پوسٹ بھی مالاکنڈ ڈویژن کے خارجی پوائنٹ پر کتلنگ چیک پوسٹ کے نام سے قائم کی جائے اور یہاں دو موبائل اسکواڈ ہوں گے جو کتلنگ روڈ پر مالاکنڈ اور مردان و صوابی کے درمیان راستے کی چیکنگ ومانیٹرنگ کریں گے۔

چھٹی چیک پوسٹ مالاکنڈ ڈویژن کے ہی خارجی راستے پر ٹول پلازا سے باہر پشاور موٹر وے چیک پوسٹ کے نام سے قائم کی گئی ہے یہاں ایک موبائل اسکواڈ ہوگا جو ایم ون موٹر وے انٹری پوائنٹ سے پشاور اور سوات موٹر وے کے درمیان واقع علاقے میں چیکنگ و مانیٹرنگ کرے گا۔ ساتویں چیک پوسٹ مالاکنڈ ڈویژن کے ہی خارجی راستے پر چارسدہ موٹر وے چیک پوسٹ کے نام سے قائم کی گئی ہے یہاں تین موبائل اسکواڈ ہوں گے جو ایم ون موٹر وے پر نساطہ انٹرچینج پر چارسدہ اور مالاکنڈ کے درمیان واقع علاقے میں چیکنگ و مانیٹرنگ کریں گے۔

آٹھویں چیک پوسٹ مالاکنڈ ڈویژن کے خارجی مقام پر رشکئی ٹول پلازا سے باہر مردان موٹر وے چیک پوسٹ کے نام سے قائم کی گئی ہے یہاں آٹھ موبائل اسکواڈ ہوں گے جو ایم ون موٹروے پر رشکئی انٹر چینج سے مردان اور مالاکنڈ کے درمیان واقع راستے پر مانیٹرنگ اور چیکنگ کریں گے۔ نویں چیک پوسٹ مالاکنڈ ڈویژن کے خارجی مقام پر ٹول پلازا سے باہر صوابی موٹروے چیک پوسٹ کے نام سے قائم کی گئی ہے یہاں آٹھ موبائل اسکواڈ ہوں گے جو ایم ون موٹر وے پر کرنل شیر خان انٹرچینج سے صوابی اور مالاکنڈ کے درمیان واقع علاقوں میں مانیٹرنگ و چیکنگ کریں گے۔

دسویں چیک پوسٹ مہمند کے داخلی راستے پر شب قدر چیک پوسٹ کے نام سے قائم کی گئی ہے یہاں سات موبائل اسکواڈ ہوں گے جو شب قدر روڈ پر شب قدر اور مہمند کے درمیان واقع علاقے میں مانیٹرنگ و چیکنگ کریں گے۔ گیارہوں چیک پوسٹ مہمد کے خارجی راستے پر وارسک روڈ چیک پوسٹ کے نام سے قائم کی گئی ہے یہاں بھی سات موبائل اسکواڈ ہوں گے جو وارسک روڈ پر وارسک اور مہمند کے درمیان واقع علاقے میں چیکنگ و مانیٹرنگ کریں گے۔

بارہویں چیک پوسٹ خیبر پختونخوا ضلع کے خارجی مقام پر شاہ کس چیک پوسٹ کے نام سے قائم کی گئی ہے یہاں چھ موبائل اسکواڈ ہیں جو بارا روڈ پر شاہ کس خیبر ڈسٹرکٹ سے پشاور کے درمیان واقع علاقوں میں مانیٹرنگ و چیکنگ کریں گے۔

تیرویں چیک پوسٹ خیبر ڈسٹرکٹ کے خارجی مقام پر متانی چیک پوسٹ کے نام سے قائم کی گئی ہے یہاں چھ موبائل اسکواڈ ہوں گے جو بارا روڈ پر شاہ کاس سے انڈس بارا لنک روڈ پر متانی پشاور اور خیبرکے درمیان واقع علاقوں میں مانیٹرنگ و چیکنگ کریں گے۔

چودہویں چیک پوسٹ اورکزئی ایجنسی میں خارجی مقام پر اولڈ میری (بویا پکیرہ) چیک پوسٹ کے نام سے قائم کی گئی ہے یہاں پانچ موبائل اسکواڈ ہوں گے جو اورکزئی ڈسٹرکٹ روڈ پر کوہاٹ اور اورکزئی کے درمیان واقع علاقوں میں مانیٹرنگ و چیکنگ کریں گے۔

پندرہویں چیک پوسٹ جنوبی وزیر ستان کے خارجی مقام کیلئے وزیر آباد، ٹانک وانا روڈ پر قائم کی جائے گی یہاں چار موبائل اسکواڈ ہوں گے جو ٹانک، وانا، انگور اڈہ روڈ پر ٹانک اور جنوبی وزیرستان کے درمیان ڈیرہ اسماعیل خان تک کے علاقوں کی مانیٹرنگ و چیکنگ کریں گے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق سولہویں چیک پوسٹ خیبر ڈسٹرکٹ کے خارجی مقام پر کوہاٹ ٹنل پر قائم کی گئی ہے، یہاں پانچ موبائل اسکواڈ ہوں گے جو مٹانی پشاور سے کوہاٹ تک کے علاقوں میں مانیٹرنگ و چیکنگ کریں گے یہ اسکواڈ کوہاٹ ٹنل سے ڈیرہ آدم خیل تک کے علاقوں کی بھی مانیٹرنگ و چیکنگ کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔