معاشی پالیسیوں کیلئے ریفارمز اینڈ ریسورس موبلائزیشن کمیشن تشکیل

ویب ڈیسک  جمعرات 1 دسمبر 2022
فوٹو:فائل

فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے مربوط اور جامع معاشی پالیسیوں کیلئے ملک کے معروف چارٹرڈ اکاونٹنٹ اشفاق تولہ کی سربراہی میں گیارہ ارکان پر مشتمل ریفارمز اینڈ ریسورس موبلائزیشن کمیشن تشکیل دے دیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کمیشن بجٹ تجاویز کا جائزہ لینے اور ان تجاویز کے کاروباری محرکات پر اثرات پر بھی وزیر خزانہ کو اپنی ایڈوائس دے گا اور موجودہ آمدنی کی پالیسیوں کا جائزہ لے گا۔

کمیشن موجودہ ریونیو پالیسیوں، موجودہ ٹیکس نظام کے مسائل/ مشکلات/ خطرات کی نشاندہی اور بجٹ کی تجاویز اور ان کے نتائج کا جائزہ لے گا۔

ریفارمز اینڈ ریسورس موبلائزیشن کمیشن  ٹیکس قانون سازی کی پیچیدگیوں اورمضبوط انفارمیشن ٹیکنالوجی نظام کا جائزہ لے گا اور اس کی سفارش کرے گا،کمیشن خودمختار اور اس کا سربراہ کل وقتی چیئرمین ہوگا۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے کمیشن کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے11 رکنی کمیشن میں آصف ہارون، حیدر علی پٹییل، عبدالقادر میمن اور وقار احمد شامل ہیں کمیشن میں ثاقب شیرازی، غضنفر بلور اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس کے صدر شامل ہیں۔

صدر پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن، چیئرمین ایف بی آر بھی کمیشن کے ارکان میں شامل ہیں، ممبر ایف بی آر کمیشن کے سیکرٹری ہوں گے۔

کمیشن میں نثار محمد کسٹمز، ڈاکٹر محمد اقبال انجم ٹیکس، عبدالحمید سیلز ٹیکس ماہرین کے طور پر شامل ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔