اے این ایف نے اونٹوں کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی

آفتاب خان  جمعرات 1 دسمبر 2022
اے این ایف کی کارروائی کے دوران برآمد ہونے والی منشیات

اے این ایف کی کارروائی کے دوران برآمد ہونے والی منشیات

 کراچی: اینٹی نارکوٹکس فورس نے اونٹوں کے ذریعے بھاری مقدار میں چرس اسمگل کرنے کی کوشش نا کام بنادی جب کہ دیگر کارروائیوں کے دوران منشیات کی بھاری مقدار ضبط کرلی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق انسداد منشیات فورس نے ملک بھر میں مختلف کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرکے ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس کا منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، گوادر میں خطرناک و بیابان پہاڑی علاقے میں خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کے دوران اونٹوں کے ذریعے بھاری مقدار میں چرس اسمگل کرنے کی کوشش نا کام بنادی گئی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ 1400 کلو چرس اونٹوں پر لاد کر گوادر اور پھر سمندری راستے سے اسمگل کرنی تھی۔

ترجمان کے مطابق انٹرنیشنل میل آفس راولپنڈی میں لندن سے آئے پارسل میں سے 68 گرام وِیڈ برآمد ہوئی جب کہ باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پشاور سے شارجہ جانے والے 2 ملزمان کے ٹرالی بیگ سے 3 کلو500 گرام آئس برآمد کی گئی۔

کراچی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر تعینات اے این ایف اہلکاروں نے بنکاک جانیوالے 2 ملزمان اور خاتون کے پیٹ سے مجموعی طور پر 150 ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد کیے۔

دوسری جانب نیشنل ہائی وے روڈ حیدرآباد کے قریب ٹرک سے 119 کلو چرس برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جب کہ نیشنل ہائی وے پرسکھر کے قریب مہراب پور کے رہائشی ملزم سے 11 کلو چرس برآمد کی گئی۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ مُلزمان کیخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔