پاک بھارت کرکٹ آئی سی سی سے کردار نبھانے کا مطالبہ

زیادہ ہی محتاط رویے کا نتیجہ مصلحت پسندی کی صورت میں نکلتا ہے،رمیز راجہ


Sports Reporter December 14, 2022
زیادہ کمائی کا انحصار بھارتی بورڈ پر ہونے کی وجہ سے ایسا ہوا، چیئرمین (فوٹو: فائل)

رمیز راجہ نے آئی سی سی سے پاک بھارت کرکٹ میں کردار نبھانے کا مطالبہ کردیا۔

پاک بھارت باہمی کرکٹ تعلقات میں تلخیوں کی ایک طویل تاریخ ہے،اب بھی ایشیا کپ میں بلو شرٹس کے شریک نہ ہونے کے بیانات جاری ہیں، دوسری جانب پی سی بی کا موقف ہے کہ اگر پڑوسی ملک کی ٹیم پاکستان نہ آئی تو ہم بھی ورلڈکپ کھیلنے نہیں جائیں گے۔

ایک خلیجی اخبار کو انٹرویو میں چیئرمین بورڈ رمیز راجہ نے کہا ہے کہ زیادہ کمائی کا انحصار بھارت پر ہونے کی وجہ سے آئی سی سی کا رویہ زیادہ ہی محتاط ہے، اس کا نتیجہ بدقسمتی سے مصلحت پسندی کی صورت میں نکلتا ہے،میں نہیں سمجھتا کہ جب تک مکمل کرکٹ برادری مل کر کام نہیں کرتی تو اس صورتحال میں کوئی تبدیلی ہوگی۔

چیئرمین بورڈ نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کے ساتھ کھیلنے کی ضرورت ہے،کون پاک بھارت میچز نہیں دیکھنا چاہے گا،پاکستان کو بھارت یا بھارت کو پاکستان میں کھیلنے پر کوئی جواز پیش نہیں کرنا چاہیے، کونسل اس معاملے میں خاموش بیٹھنے کے بجائے آگے بڑھ کر کردار ادا کرے۔

انھوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے شائقین کرکٹرز کو ایکشن میں دیکھنے کیلیے بے تاب ہیں، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ ہونا خوشی کی بات ہے،دوسری جانب ہم دنیا کی واحد ٹیم ہیں جس نے گذشتہ 10سال میں بھارت سے باہمی سیریز نہیں کھیلی،اس کے باوجود ہماری کرکٹ کی اکانومی بہتر انداز میں چل رہی ہے،یہ ہمارے لیے قابل فخر ہے۔

ایک سوال پر رمیز راجہ نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کرکٹ بھی اگلے 5سال میں عروج پر ہوگی،ویمنز پی ایس ایل کا اس میں اہم کردار ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں