ٹیکس وصولیوں کے اہداف پورے کیے جائیں، چیئرمین ایف بی آر

نمائندہ ایکسپریس  اتوار 22 جنوری 2023
ٹیکس دہندگان کی سہولت ایف بی آر کی پالیسیوں کے کامیاب نفاذ کا محور ہے، عاصم احمد (فوٹو فائل)

ٹیکس دہندگان کی سہولت ایف بی آر کی پالیسیوں کے کامیاب نفاذ کا محور ہے، عاصم احمد (فوٹو فائل)

کراچی / اسلام آباد: چیئرمین ایف بی آر و سیکریٹری ریونیو عاصم احمد نے تمام فیلڈ فارمشنز کو رواں سہ ماہی(جنوری تا مارچ) کیلیے مقرر کردہ ٹیکس وصولیوں کے اہداف کا حصول یقینی بنانے اور شوگر ملوں کی ما نیٹرنگ موثرانداز میں کرنے کی ہدایت کی ہے۔

گزشتہ روز لارج ٹیکس پیئرز آفس کراچی کے دورہ کے موقع پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر نے کراچی میں تعینات پانچ فیلڈ فارمشنز سے تعلق رکھنے والے چیف کمشنرز سے ملاقات کی، تیسری سہ ماہی کے لیے مقررہ اہداف کے تناظر میں تمام چیف کمشنروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

چیف کمشنرز ان لینڈ ریونیو نے تیسری سہ ماہی کیلیے مقرر کردہ بجٹ کے ہدف کو حاصل کرنے کیلیے قابل عمل حکمت عملی اوراس کے حصول کے لیے نئی راہیں فراہم کیں۔

چیئرمین ایف بی آر نے تمام چیف کمشنرز کو ہدایات دیں کہ ریونیو کے تحفظ کے لیے کوئی قابل عمل کسر نہ چھوڑیں اور تیسری سہ ماہی کے مقرر کردہ بجٹ کے ہدف کے حصول کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

چیئرمین ایف بی آر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ٹیکس دہندگان کی سہولت ایف بی آر کی پالیسیوں کے کامیاب نفاذ کا محور ہے، ٹیکس دہندگان کو محکمے کے ساتھ ان کے دیرینہ مسائل کے حل کیلیے سہولت فراہم کی جانی چاہیے۔

چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد نے ہدایت کی کہ شوگر ملز کی مانیٹرنگ موثرانداز میں کی جائے تاکہ ریونیو کا تحفظ ہو سکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔